ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مارکو روبیو کی شہباز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات ، تصویر جاری

واشنگٹن: امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن ڈی سی میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر مشترکہ تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ امن منصوبے میں پاکستان کی معاونت اور بورڈ آف پیس میں شمولیت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں اسٹریٹیجک شراکت داری، کم یاب معدنیات میں تعاون، ترقیاتی منصوبوں اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دریں اثنا غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تنازعات کے حل میں امریکی قیادت کا کردار اہم رہا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے میں ان کی مداخلت مؤثر ثابت ہوئی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کے لیے سفارت کاری اور مکالمہ ہی واحد راستہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں پائیدار امن کا قیام عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر غزہ میں امن قائم ہوتا ہے تو یہ عالمی قیادت کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہوگی۔ مبصرین کے مطابق اس ملاقات نے پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کو نئی جہت دی ہے اور آئندہ مہینوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں