بارکھان : بلوچستان کے ضلع بارکھان میں رات گئے ایک خطرناک حملے میں نامعلوم مسلح افراد نے زرغون کنسٹرکشن کمپنی کے کرش پلانٹ (سنگ شکن پلانٹ) کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین مزدور اغوا اور تین پولیس اہلکاروں کا اسلحہ چھین لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پلانٹ پر شدید فائرنگ کی، جس سے مشینری کو جزوی نقصان پہنچا اور کام کا عمل معطل ہوگیا۔ اغوا ہونے والے تینوں مزدور موسیٰ خیل کے رہائشی ہیں جو پلانٹ میں روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہے تھے۔
حملہ آوروں نے پلانٹ کے قریب قائم پولیس چوکی پر بھی فائرنگ کی اور موجود تین اہلکاروں سے سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔ واقعہ ایک دور دراز علاقے میں پیش آیا جہاں کمپنی روڈ کنسٹرکشن اور متعلقہ کاموں میں مصروف تھی۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور (FC) کی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن کے لیے روانہ کی گئیں، اب تک اغوا شدگان کی بازیابی یا ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زرغون کنسٹرکشن کمپنی کے حکام نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اغوا شدگان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔