راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کے وکیل سلمان صفدر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس میں اہم سیاسی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر ہونے والی اس ملاقات کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ بتایا گیا ہے۔ ملاقات کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر بغیر کسی میڈیا گفتگو کے روانہ ہو گئے، ذرائع نے اس ملاقات کی اہم جزئیات سے آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر کے ذریعے پارٹی قیادت کو جلسہ منسوخ کرنے کا پیغام دیا، عمران خان عالمی سطح پر جاری سفارتی سرگرمیوں، خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات سے باخبر تھے اور اسی تناظر میں جلسہ ملتوی کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے پہلے ہی جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا جبکہ حکومتی وفد بعد میں باضابطہ درخواست لے کر آیا۔
ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی صحت کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ ان کی متاثرہ آنکھ میں پہلے کے مقابلے میں نمایاں بہتری آئی ہے، انہوں نے جیل میں دستیاب سہولیات سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی۔
قانونی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے عمران خان کو ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر اپیل اور دیگر زیر سماعت مقدمات کی پیش رفت سے آگاہ کیا، اس موقع پر جاری اپیلوں کے حوالے سے قانونی مشاورت بھی مکمل کر لی گئی۔