ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کا اعلان

اسلام آباد :تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 25 اپریل کو ملک گیر جلسوں کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی مکالمے، قانون کی حکمرانی اور جمہوری عمل کے فروغ پر زور دیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق تحریک کا اہم اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی اور بلوچستان کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے امید کا اظہار بھی کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے لبنان، شام اور غزہ کے مسائل کا حل ناگزیر ہےجبکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کو مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کے بجائے مکالمہ ہی مسائل کا واحد حل ہے۔

اجلاس کے شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی قوتوں کے درمیان بامعنی مکالمہ شروع کیا جائے اور مفاہمت کی فضا کو فروغ دیا جائے۔ بلوچستان کے حوالے سے آپریشن بند کرنے، بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی رہائی اور اختر مینگل کے خلاف مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا، ساتھ ہی وسائل کی منصفانہ تقسیم پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق شرکا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف سے ملاقاتوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ عدالتوں سے اپیل کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی روزانہ بنیادوں پر سماعت کی جائے اور تمام سیاسی قیدیوں، بشمول بانی پی ٹی آئی، کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے یکم مئی کو یومِ مزدور کے موقع پر ملک بھر میں ریلیوں کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ہے، جن کا مقصد مزدوروں سے اظہارِ یکجہتی ہوگا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب اور سندھ میں تنظیمی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ پنجاب میں ڈاکٹر عمار علی جان جبکہ سندھ میں سید زین شاہ کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ مورو کیس میں گرفتار کارکنان کی رہائی اور سندھ میں دفعہ ایک سو چوالیس کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں