ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بھارت کو کسی بھی مس ایڈونچر کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال ہو گیا مگر بھارت اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا، پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، بے منطقی، جھوٹی انا، تکبر اور حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر اٹھائے گئے سوالات کا بھارت آج تک تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی اور  بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے کر پیش کرتا رہا ہے، دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دیتا ہے۔ بھارت کی کھوکھلی سوچ اور مکاری کھل کے سامنے آ چکی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک پرانی ٹیکسٹ بک جیسا معاملہ تھا، فالس فلیگ آپریشنز بھارت کی تاریخ رہی ہے، پہلگام واقعہ پر  بھی بھارت نے بھونڈے طریقے اختیار کئے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت اس سے خوفزدہ ہو گیا، بھارت کے پاس اس کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں تھا۔ پاکستان کی نیت اور عزم واضح تھے، پہلگام واقعہ کی انکوائری سے بھارت کا انکار اس امر کا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعے کے محض دس منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس کا متن پہلے سے تیار تھا، پہلگام واقعہ پیش آنے کے مقام اور پولیس اسٹیشن کے درمیان فاصلے کے پیش نظر کم وقت میں ایف آئی آر کا اندراج غیر معمولی اور حیران کن ہے، بین الاقوامی میڈیا، بھارت کی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی پہلگام واقعہ پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فالس فلیگ آپریشنز اور جھوٹے واقعات کے گرد گھڑا گیا بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا عالمی سطح پر قابلِ قبول بنانا انتہائی مشکل ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکومت آج تک اس معاملے پر مؤثر بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہی ہے۔ پہلگام واقعہ ایک جھوٹا اور خود ساختہ آپریشن تھا جس کے حق میں بھارت نہ تو کوئی قابلِ اعتبار شواہد پیش کر سکا اور نہ ہی ٹھوس ثبوت فراہم کیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا ٹول کے طور پر جنگی ماحول پیدا کیا، بھارتی میڈیا نے جھوٹی و بے بنیاد خبریں نشر کیں، بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا ہے، بھارتی میڈیا کے پاس کوئی ٹھوس شواہد اور قابل اعتبار ثبوت نہیں تھے، وہ محض من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا، بھارتی میڈیا اپنے پروپیگنڈے کو سپورٹ کرنے میں کوئی مؤثر دلائل پیش نہیں کر سکا۔ 

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت میں ہندوتوا نظریئے سے اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں،  مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرتا ہے، بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے واقعات میں ملوث رہا ہے، مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے حوالے سے شواہد اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارتی ریاست ان معاملات میں ملوث ہے، بھارت کی ریاستی پالیسی دہشت گردی پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی دہشت گردی پر مبنی پالیسی واضح طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔  فتنہ الہندوستان بی ایل اے اور فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی جیسے عناصر کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے واقعات میں  بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ یہ شواہد وقتاً فوقتاً بین الاقوامی  برادری اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی شیئر کئے جاتے رہے ہیں، جعفر ایکسپریس ٹرین واقعہ، خضدار واقعہ سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارت کے کردار کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کو جس طرح معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھانا پڑی، اسی طرح دہشت گردی کی پالیسی میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف نہ صرف پرعزم ہے بلکہ عملی طور پر اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پوری قوم اس عزم پر متفق ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا،  پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا۔  دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں اور قربانیوں کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے، بھارتی عسکری قیادت کے نئے آپریشن سندور کے بارے میں حالیہ بیانات دراصل ان کی ناکامی اور شکست کا اعتراف ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے، بھارت آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور آئیسولیشن کا شکار ہے، پاکستان کی فتح کو پوری دنیا نے دیکھا ہے، پاکستان کو اپنی فتح پر فخر اور ناز ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان امن کی علامت کے طور پر سامنے آیا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت کے نتیجے میں آج پاکستان امن کیلئے کاوشیں کر رہا ہے، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ملک کے دفاع کے لئے مکمل طور پر یکسو ہے، وطن کے دفاع کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ پاکستان اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کے ساتھ ایک روشن ستارہ بن کر اقوام عالم میں ابھرا ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کی ہمیشہ حفاظت فرمائے۔ 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں