ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟ ذی الحجہ کے چاند سے متعلق پیش گوئی

اسلام آباد: رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالاضحیٰ 2026 کے حوالے سے اہم پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر موسم صاف رہا تو ذی الحجہ کا چاند 17 مئی کی شام کو دیکھا جا سکے گا جس کے بعد یکم ذی الحجہ کا آغاز پیر 18 مئی سے متوقع ہے۔

کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے زائد ہوگی جو کہ رویت کے لیے موزوں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان 55 منٹ جبکہ پشاور میں 63 منٹ کا وقفہ ہوگا۔ اس لیے جن علاقوں میں مطلع صاف ہوگا وہاں عام آنکھ سے چاند کا دیدار ممکن ہو سکے گا اور عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائی جا سکے گی۔

خالد اعجاز مفتی نے واضح کیا کہ اگر 17 مئی کی شام بادلوں یا خراب موسم کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا تو ذی القعدہ کے مہینے کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے۔ ایسی صورت میں یکم ذی الحجہ 19 مئی منگل کے دن ہوگی اور عید کی تاریخ میں تبدیلی آئے گی۔

کونسل کے مطابق اس بار ایک خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی دن منائے جانے کا امکان موجود ہے، تاہم حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والے شہادتوں کی بنیاد پر اعلان جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ ذی الحجہ کا مہینہ اسلامی کیلنڈر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں حج کے مناسک ادا کیے جاتے ہیں اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیا جاتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں