ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جب قوم متحد ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کر سکتی اور معرکہ حق میں قومی اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت بن کر سامنے آیا۔

ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن باب ہے، یہ صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم، مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا گیا جبکہ پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا متوازن ردعمل دیا۔ ان کے مطابق پاکستانی افواج نے بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت نے جارحیت مسلط کی مگر پاکستان نے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے اور قومی سلامتی کو لاحق ہر خطرے کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف دفاعی میدان میں بلکہ معیشت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی مزید مضبوط ہو کر ابھرے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں