اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے 16 اپریل کو اپنے دورۂ دوحہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت سے ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے حوالے سے نہایت مفید رہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام امیرِ قطر کے متوقع دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قطر کے وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔