ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 ایران کے خلاف جنگ میں اسرائیل نے آذربائیجان کو خفیہ فوجی سرگرمیوں کیلیے استعمال کیا، امریکی میڈیا

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ مبینہ جنگی کشیدگی کے دوران اپنی ایلیٹ فوجی اور انٹیلی جنس یونٹس کو آذربائیجان میں خاموشی سے تعینات کیا، جس کے ذریعے ایران کے اندر تک خفیہ کارروائیوں اور نگرانی کے آپریشنز کو ممکن بنایا گیا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے آگاہ متعدد ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران پر حملوں اور نگرانی کے لیے آذربائیجان کے جنوبی علاقوں میں کچھ مقامات کو استعمال کیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ علاقے ایران کی سرحد کے قریب تھے اور بعض مقامات ایرانی شہر تبریز سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھے، جہاں سے خفیہ سرگرمیاں کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ان علاقوں میں اسرائیلی اسپیشل کمانڈو یونٹس بھی تعینات کیے گئے تھے، جن کا بنیادی مقصد معلومات اکٹھا کرنا اور ممکنہ اہداف کی نشاندہی کرنا بتایا گیا ہے،انہی مقامات سے ڈرون آپریشنز اور نگرانی کی سرگرمیاں انجام دی گئیں جن کے ذریعے شمالی اور مغربی ایران میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے ابتدائی طور پر ان یونٹس کو ہنگامی امدادی اور ریسکیو مشنز کے لیے تیار کیا تھا، ان کا دائرہ کار بڑھا کر انہیں انٹیلی جنس اور خفیہ نگرانی کے مراکز میں تبدیل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ان مبینہ انتظامات کے دوران اسرائیلی فوج کے اہلکار ایران کے مختلف علاقوں تک پہنچنے کی صلاحیت حاصل کرتے رہے اور ان خفیہ نیٹ ورکس کے ذریعے اہم فوجی معلومات اکٹھی کی گئیں،ان آپریشنز میں موساد سے منسلک اہلکار بھی شامل تھے جبکہ اسپیشل فورسز اور ایلیٹ ایئر یونٹس نے بھی حصہ لیا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان میں موجود اسرائیلی موجودگی سے متعلق دعووں کو باکو میں سختی سے مسترد کیا گیا ہے۔ آذربائیجان کے سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور کسی تیسرے ملک کے خلاف آذربائیجان کی سرزمین کے استعمال کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آذربائیجان اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ برسوں میں معاشی اور عسکری تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ آذربائیجان اسرائیل کو تیل کی برآمدات فراہم کرتا ہے جبکہ اسرائیل جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور اسلحہ آذربائیجان کو مہیا کرتا ہے جو مختلف علاقائی تنازعات میں استعمال ہوتا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں