واشنگٹن : گزشتہ دنوں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ماہ جولائی میں ترکیے میں ہونے والے ناٹو کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے اعلیٰ حکام کا اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس اتحاد کے ممالک میں وسیع پیمانے پر اطمینان پیدا ہوگا۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ مذکورہ حوالے سے روبیو کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اتحاد سے مایوسی کے باوجود اجلاس میں شرکت کریں گے۔ گوکہ امریکی صدور عام طور پر ناٹو کے سربراہ اجلاسوں میں شرکت کے خواہشمند ہوتے ہی ہیں کیونکہ واشنگٹن اس اتحاد کا سربراہ ہے لیکن امسال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے کیونکہ انہوں نے ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا کی مدد کرنے میں ناٹو کی ہچکچاہٹ پر بارہا اپنی ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ کانگریس کے سامنے ایک مقدمے کی سماعت میں روبیو نے ٹرمپ کی مایوسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ناراضی کی بنیادی وجہ کچھ ارکان کی جانب سے بحران کے وقت ان ممالک میں امریکا کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کرنا ہے۔