واشنگٹن: امریکی کامیڈین کولن آرم اسٹرانگ نے اپنے اسٹیج شو کے دوران اسرائیل کے حوالے سے طنز و مزاح پر مبنی جملے کہے جس پر ہال میں موجود ناظرین زبردست انداز میں ہنستے اور محظوظ ہوتے رہے۔
عالمی رپورٹس کے مطابق شو کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک خاتون ناظرہ نے اس وقت مداخلت کرنے کی کوشش کی جب کامیڈین نے اسرائیلی بیس بال ٹیم سے متعلق ایک طنزیہ جملہ کہا۔ اس صورتحال پر اسٹیج پر موجود کولن آرم اسٹرانگ نے بھی فوری اور مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے ماحول کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
کامیڈین نے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ اس کے شو کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس پر حاضرین نے تالیاں اور قہقہے لگائے۔ ان کے اس جملے نے ہال میں موجود سامعین کو ہنسی سے دوچار کر دیا۔
بعد ازاں جب شو اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا تھا تو سامعین میں سے کسی نے درخواست کی کہ کم از کم ایک اور لطیفہ سنایا جائے۔ اس پر کولن آرم اسٹرانگ نے دوبارہ اسی خاتون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ مزید لطیفے نہیں سنائیں گے اور وہ صرف امن سے اپنا شو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ جملہ بھی سامعین کے لیے خاص طور پر دلچسپی کا باعث بنا اور ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔ شو کے دوران بار بار پیدا ہونے والی مزاحیہ صورتحال نے پورے پروگرام کو ایک غیر معمولی تفریحی ماحول میں تبدیل کر دیا۔
کامیڈین کے اس شو کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں اور بعض اسے جرات مندانہ مزاح جبکہ کچھ اسے متنازع انداز قرار دے رہے ہیں۔