ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 احمد آباد طیارہ سانحہ، ’’چائے اور ناشتے‘‘ کے 59 لاکھ روپے کے بل پر بھارت میں ہنگامہ

نئی دہلی: بھارت میں ایک سال قبل پیش آنے والے ائیر انڈیا کے ہولناک طیارہ حادثے کے بعد ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے دوران چائے، بسکٹ، دودھ اور پانی کی فراہمی پر ہونے والے اخراجات کا بل سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد میونسپل کارپوریشن نے بارہ جون دو ہزار پچیس کو پیش آنے والے ائیر انڈیا فلائٹ ایک سو، اکہتر کے سانحے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل اہلکاروں اور رضاکاروں کو فراہم کیے گئے ریفریشمنٹ کے اخراجات کی منظوری دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ بل بھارتی کرنسی میں تقریباً سولہ لاکھ چوہتر ہزار روپے کا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً59 لاکھ روپے بنتا ہے۔ اس رقم میں چائے، بسکٹ، دودھ، پانی کی بوتلیں اور دیگر ہلکی غذائی اشیا شامل تھیں جو امدادی کارروائیوں میں شریک میونسپل ورکرز، پولیس اہلکاروں، ریسکیو ٹیموں اور رضاکاروں کو فراہم کی جاتی رہیں۔

دستاویزات کے مطابق حادثے کے بعد ملبہ ہٹانے، لاشوں کی شناخت، جائے حادثہ کی صفائی اور دیگر ہنگامی کاموں میں مصروف سینکڑوں اہلکاروں کو تقریباً ایک ماہ تک مسلسل ریفریشمنٹ فراہم کی گئی، یہ اخراجات غیر معمولی ہنگامی صورتحال کے دوران امدادی کارکنوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیے گئے تھے۔

تاہم سوشل میڈیا پر متعدد بھارتی صارفین نے اس رقم کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ چائے اور ناشتے جیسی اشیا پر اتنی بڑی رقم کیسے خرچ کی گئی۔ بعض صارفین نے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے جبکہ کئی افراد نے اسے عوامی فنڈز کے استعمال پر سنجیدہ سوال قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ بارہ جون دو ہزار پچیس کو بھارتی شہر احمد آباد میں ائیر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا تھا۔ اس المناک سانحے میں عملے اور مسافروں سمیت دو سو چالیس سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا جس میں مختلف سرکاری اداروں، پولیس، فائر بریگیڈ، طبی عملے اور رضاکاروں نے حصہ لیا تھا۔

اب ایک سال بعد امدادی کارروائیوں کے دوران فراہم کیے گئے ریفریشمنٹ کے ان اخراجات نے بھارت میں نئی بحث چھیڑ دی ہے اور سوشل میڈیا پر اس معاملے کو لے کر شدید ردِعمل سامنے آرہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں