ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت کے لیے نیب کی جانب سے تاریخی اصلاحات کا اعلان

لاہور: چیئرمین قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں شفافیت لانے اور سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جامع اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبے میں بہتری لانا ناگزیر ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ میں پھیلے فراڈ اور غیر شفاف فائل کلچر کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مستقبل میں تمام ہاؤسنگ منصوبوں میں پلاٹس کی منتقلی کا نظام براہ راست ایک باقاعدہ ریگولیٹر کی نگرانی میں کام کرے گا تاکہ بدعنوانی کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب پراپرٹی کے کاروبار میں نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور تمام ادائیگیاں صرف بینکنگ چینلز کے ذریعے ہوں گی۔ اس نئے نظام سے نہ صرف رقوم کا ریکارڈ محفوظ رہے گا بلکہ ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے امکانات بھی کافی حد تک کم ہو جائیں گے۔

چیئرمین نیب نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم میں فروخت کیے جانے والے پلاٹس کی تعداد اصل دستیاب پلاٹس سے تجاوز نہیں کرے گی۔ ہر پلاٹ کی انفرادی اور باقاعدہ شناخت موجود ہوگی تاکہ شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے اور انہیں بروقت ملکیت مل سکے۔

اس موقع پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ شفافیت، انصاف اور قانون کی حکمرانی مضبوط معیشت کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام سرکاری اداروں میں گڈ گورننس کو مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ رئیل اسٹیٹ کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے تاہم ماضی میں یہاں موجود بے قاعدگیوں نے چھوٹے سرمایہ کاروں کو شدید متاثر کیا ہے۔

کاروباری طبقے کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے متعارف کروائی گئی یہ اصلاحات شعبے میں اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں