باضابطہ شکایت درج، کونسلنگ کا مطالبہ، آئندہ شوز پر اثر پڑ سکتا ہے
سدھو موسے والا کے والدین اور چھوٹا بھائی ٹورانٹو میں کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر موجود
ٹورانٹو میں مرحوم پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے چھوٹے بھائی کے ایک کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر پستول کا اشارہ کرنے پر ایک چائلڈ رائٹس آرگنائزیشن نے مانسا ضلعی انتظامیہ کے پاس باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے، جس میں والدین کے لیے کونسلنگ اور بچے کی فلاح و بہبود کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دستیاب دستاویزات اور اطلاعات کے مطابق لائیرز فار ہیومن رائٹس انٹرنیشنل کی جانب سے 17 اکتوبر کو مانسا کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کو یہ شکایت جمع کروائی گئی ہے۔
تنظیم کے جنرل سیکرٹری نوکرن سنگھ کے دستخط سے دائر اس شکایت میں استدعا کی گئی ہے کہ اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ڈھائی سالہ سکھدیپ سنگھ سدھو، جسے پیار سے چھوٹا سدھو بھی کہا جاتا ہے، کو عوامی مقامات پر ہتھیاروں کے اشارے کرنے یا ان کی نقل کرنے کی ترغیب نہ دی جائے۔
شکایت کے متن کے مطابق سکھدیپ سنگھ کو رواں ماہ کی 9 تاریخ کو ٹورانٹو کے اسکاٹیا بینک ارینا میں منعقدہ “”سائنڈ ٹو گاڈ ورلڈ ٹور”” ہولوگرام کنسرٹ کے افتتاحی شو کے دوران اسٹیج پر لایا گیا تھا، جہاں ان کے والدین بلکور سنگھ اور چرن کور بھی موجود تھے۔ اس دوران کنسرٹ میں موجود بچے نے ہاتھ سے پسٹل فائرنگ کا اشارہ کرتے ہوئے فائرنگ کی آوازیں (“”تھا تھا تھا””) نکالی تھیں، اور اپنے مرحوم بھائی سے منسوب انداز بھی اپنایا تھا۔ اس تقریب کی ویڈیو اگلے روز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی۔
تنظیم نے اپنی شکایت میں سدھو موسے والا کے قتل کے اندوہناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بچے کی سیکیورٹی اور فلاح و بہبود پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے حکام سے درخواست کی ہے کہ بچے کے والدین کے لیے کونسلنگ کا بندوبست کیا جائے اور عارضی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ بچے کو عوامی اجتماعات یا دیگر مواقع پر فائرنگ کے اشارے کرنے سے روکا جا سکے۔
شکایت میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ اس قانونی قدم کا مقصد کسی خاندان کو نشانہ بنانا یا سدھو موسے والا کی یاد کی توہین کرنا ہرگز نہیں ہے، بلکہ اس کا واحد مقصد معصوم بچے کی حفاظت اور فلاح کو یقینی بنانا ہے۔ چونکہ اس عالمی ٹور کے تحت یکم نومبر تک کینیڈا اور امریکا کے مختلف شہروں میں مزید شوز شیڈول ہیں، اس لیے تنظیم نے حکام پر زور دیا ہے کہ جاری ٹور کے دوران بچے کی ممکنہ عوامی موجودگی کے پیش نظر فوری کارروائی کی جائے۔