دسہرہ کے موقع پر آج دہلی-این سی آر میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور ٹریفک کے انتظامات پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ بھیڑ بھاڑ اور سیکورٹی پر نظر رکھنے کے لیے تقریبات کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پولیس ہیلپ ڈیسک اور کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو سادہ لباس میں بھی تعینات کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر مزید باریک بینی سے نظر رکھی جا سکے۔ ہنگامی خدمات کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دسہرے کے موقع پر بھیڑ کو سنبھالنے اور قانونی نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے دہلی-این سی آر میں 13 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ دہلی میں سب سے زیادہ 10 ہزار، گروگرام میں 2200 اور فریدآباد میں 1200 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس کی تعیناتی خاص طور پر بڑے مندروں، پوجا پنڈالوں، میلوں کے لیے منعقدہ تقریبات اور جلوسوں کے راستوں پر کی گئی ہے۔ آج دسہرے کے موقع پر مختلف تقریبات میں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ ایسے میں پولیس بھیڑ کو قابو میں رکھنے اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی۔ اس کے علاوہ آج شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک کئی سڑکوں پر ٹریفک ڈائیورژن نافذ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گروگرام میں 2200 اور فریدآباد میں 1200 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ گروگرام میں راون دہن کے 66 مقامات پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں 12 بڑے اور 54 چھوٹے مقامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گروگرام میں 17 مذہبی جلوسوں کے لیے بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایسٹ زون میں 3، ویسٹ زون میں 9، ساؤتھ زون میں 2 اور مانیسر زون میں 2 جلوس نکالے جائیں گے۔ آج پولیس کی خصوصی توجہ بھیڑ کو قابو میں رکھنے اور ٹریفک کے انتظامات پر رہے گی۔ چوری، جھپٹ ماری اور دیگر مجرمانہ واقعات کو روکنے کے لیے پولیس اہلکار سادہ لباس میں تعینات رہیں گے۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر سروس اور پولیس کے ہر زون میں کوئیک رسپانس ٹیم (کیو آر ٹی) کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو، بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے دور رہیں اور گھر سے نکلنے سے پہلے ضروری تازہ معلومات ضرور حاصل کر لیں۔ دسہرے سے قبل سیکورٹی انتظامات کے بارے میں جوائنٹ سی پی سمن گوئل نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کی توقع ہے۔ ممکنہ بھیڑ اور صورتحال کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوارکا ضلع اور دیگر علاقوں میں وی آئی پی شخصیات کی آمد و رفت بھی کافی رہے گی، اس لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ممحکمۂ پولیس کی کئی ذمہ داریاں ہیں، مثلاً جرائم پر قابو پانا، اس بات کو یقینی بنانا کہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اور یہ دیکھنا کہ پورا تہوار پرامن اور خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہو۔ یہی ہمارا مقصد ہے۔