سعادت انیس بھٹی کا تعلق بااثر سیاسی خاندان سے ہے، بھائی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہے
پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والے سعادت انیس بھٹی کی حمزہ شہباز کے ساتھ سامنے آنے والی تصویر
لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیٹرول پمپ کے غریب ملازم کو تھپڑ مارنے اور تشدد کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم سعادت انیس بھٹی کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد ملزم کے سیاسی اور بااثر شخصیات کے ساتھ قریبی روابط کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ملزم سعادت انیس بھٹی کا تعلق ایک بااثر سیاسی گھرانے سے ہے۔ دستاویزی اور مصدقہ اطلاعات کے مطابق، ملزم کے بھائی ادریس رفیق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، مسلم لیگ (ن) کی سابق خاتون رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) عنیزہ فاطمہ ان کی بھابھی ہیں جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) وزیر علی بھٹی مرحوم ان کے تایا تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک پیٹرول پمپ پر پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا ہدف بنی تھی جس میں سعادت انیس بھٹی کو پمپ کے ملازم پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد ایک وائرل ویڈیو میں تھانے کے اندر وہی ملازم سعادت انیس بھٹی کو تھپڑ مارتا ہے۔ بعد میں فریقین کے درمین ‘صلح‘ ہوگئی اور سعادت انیس کو رہا کردیا گیا۔