دونوں قوتِ سماعت سے محروم ہیں، تاہم ایک دوسرے کے جذبات سمجھنے اور اظہار کے لیے اشاروں اور تحریر کا سہارا لیتے رہے۔
نہ آواز کا سہارا،نہ الفاظ کی ضرورت،اطالوی لڑکی پاکستانی نوجوان کی دلہن بن گئی
کلر کہار کے نوجوان نبیل اعوان اور اٹلی سے تعلق رکھنے والی ارورا وولپ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں کی چھ سالہ محبت کی داستان اب زندگی بھر کے رشتے میں تبدیل ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نبیل اعوان اور ارورا وولپ کی دوستی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اشاروں کے ذریعے شروع ہوئی تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔ دونوں قوتِ سماعت سے محروم ہیں، تاہم ایک دوسرے کے جذبات سمجھنے اور اظہار کے لیے اشاروں اور تحریر کا سہارا لیتے رہے۔
اطالوی دلہن کی لاہور ایئرپورٹ آمد پر نبیل اعوان اور ان کے اہلِ خانہ نے پھولوں کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔ قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد دونوں نے شادی کر لی، جبکہ کلر کہار میں روایتی انداز سے شادی کی تقریب اور دعوتِ ولیمہ کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ارورا وولپ نے پاکستانی لباس زیب تن کرکے مقامی ثقافت سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ نوبیاہتا جوڑے نے اشاروں کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت پر شکریہ ادا کیا۔
یہ منفرد داستان اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ محبت کے لیے زبان، آواز یا سرحدوں کی کوئی اہمیت نہیں، جب دو دل ایک دوسرے کو سمجھ لیں تو فاصلے بھی رکاوٹ نہیں بن سکتے۔