خضدار میں غلامانی چوک سے معروف تاجر و قبائلی رہنما کو اغوا کرلیا گیا جس پر مظاہرین نے خضدار زیرو پوائنٹ قومی شاہراہ بلاک کردی نتیجے میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نامعلوم مسلح افراد تاجر و قبائلی رہنما میر بہاول خان غلامانی کو دکان سے اغوا کرکے لے گئے، پولیس نے رپورٹ درج کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
اغوا کے خلاف تاجر کے اہل خانہ، مکین اور مقامی افراد نے خضدار زیرو پوائنٹ پر قومی شاہراہ بلاک کردی، تاجر کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے باعث شاہراہ کی بندش سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کیے اور مظاہرین کو مغوی کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوششوں کی یقین دہانی کرائی، کامیاب مذاکرات کے بعد قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔