شفافیت کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی میٹنگوں کا ایجنڈا پہلے ہوگا جاری، کارروائی کی تفصیلات بھی ہوں گی عام

الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) میں شفاف طریقے سے کام کاج یقینی بنانے کے لیے کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اب کمیشن کی میٹنگوں کا ایجنڈا پہلے ہی شیئر کیا جائے گا، ساتھ ہی میٹنگوں کے ’منٹس‘ یعنی کارروائی کی تفصیلات بھی جاری کی جائیں گی۔ پہلے یہ طریقۂ کار اختیار نہیں کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ کمیشن میں کام کرنے والے افسران کو اب بیرون ملک سفر پر جانے کے لیے کمیشن سے پیشگی منظوری لینی ہوگی، جبکہ پہلے ایسی منظوری نہیں لی جاتی تھی۔

نئے آئی ٹی ماڈیول کو بھی پہلے افسران کی ایک کمیٹی کے پاس بھیجا جائے گا اور وہاں سے منظوری ملنے کے بعد ہی اسے کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ پہلے یہ معاملہ الیکشن کمشنرز اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان تنازعہ کی وجہ بنا تھا۔ دوسری جانب ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے آن لائن فارم سے اعلانیہ کا آپشن ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی ان تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کی گئی ہے، جہاں ایس آئی آر کا عمل ابھی جاری ہے۔ اب یہ اعلانیہ آن لائن فارم کا حصہ نہیں ہوگا، بلکہ اس کے لیے الگ سے اعلانیہ جاری کیا گیا ہے۔

ایس آئی آر سے متعلق قواعد میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ 4 نومبر کو جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق کمیشن نے 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نئے ووٹرس کے لیے آن لائن فارم-6 کے ساتھ اضافی اعلانیہ (اینیکچر-ڈی) کی لازمی شرط ختم کر دی ہے۔ اب ووٹر رجسٹریشن کے آن لائن فارم میں یہ اعلانیہ شامل نہیں ہوگا۔ اس کے لیے الگ سے اعلانیہ جمع کرانا ہوگا۔ اس تبدیلی کا مقصد نئے ووٹرس کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانا اور آن لائن فارم بھرتے وقت پیش آنے والی اضافی دشواریوں کو کم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

مذکورہ تبدیلیوں کے حوالے سے 26 ستمبر کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کی موجودگی میں کمیشن کی اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی تھا۔ اس میٹنگ میں داخلی کام کاج کو شفاف اور منظم بنانے سے متعلق فیصلوں کو اتفاق رائے سے منظوری دی گئی تھی۔ ان فیصلوں کی سرکاری تفصیلات الیکشن کمیشن اور پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی دستاویزات میں دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :

قابل ذکر ہے کہ میٹنگوں کے ایجنڈے اور کارروائی کی تفصیلات جاری کرنے کا فیصلہ کمیشن کے اندر جوابدہی بڑھانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ اس سے یہ معلومات دستیاب ہوں گی کہ کمیشن کی میٹنگوں میں کن امور پر تبادلۂ خیال ہوا اور کیا فیصلے کیے گئے۔ افسران کے بیرون ملک سفر کے لیے کمیشن سے پیشگی منظوری لازمی قرار دینے کا فیصلہ بھی اسی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں