اینکر پرسن ربیعہ خون میں لت پت تھیں، پستول شوہر کے ہاتھ میں تھا، ایف آئی آر

قتل کا مقدمہ ربیعہ کے بھائی نے درج کرایا- احسن کے پاس پستول کا لائسنس بھی نہیں تھا

November 9, 2026 · اہم خبریں

اینکر پرسن ربیعہ خون میں لت پت تھیں، پستول شوہر کے ہاتھ میں تھا، ایف آئی آر

اینکر پرسن ربیعہ خون میں لت پت تھیں، پستول شوہر کے ہاتھ میں تھا، ایف آئی آر

راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹر ٹو میں نامور خاتون اینکر پرسن اور صحافی ربیعہ احسن کو گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جس کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع اور دستیاب شواہد کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 8 نومبر کو دوپہر ڈھائی بجے پیش آیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی مقدمہ خرم احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بہن پر ان کے شوہر احسن طاہر نے فائرنگ کی۔ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں جب بیڈ روم سے فائر کی آواز سنائی دی۔ جب اہل خانہ کمرے میں پہنچے تو ربیعہ احسن فرش پر خون میں لت پت پڑی تھیں اور ملزم احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔

پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے 30 بور کا پستول اور گولیاں اپنی تحویل میں لے لیں۔ دستاویز کے مطابق ملزم کے پاس مذکورہ پستول کا کوئی لائسنس یا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔ پولیس نے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 13(2)(a) شامل کر لی ہے جبکہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا۔

مقتولہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی گردن کے نچلے حصے میں سامنے سے لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس نے ملزم احسن طاہر کو پہلے ہی حراست میں لے لیا تھا اور سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے میرٹ پر شفاف تفتیش کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں