یہ ایپ روایتی پڑھنے کی عادات کو بدل رہی ہے
تصویر: سوشل میڈیا
موجودہ دور میں جہاں نوجوان نسل کا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا پر فضول ویڈیوز دیکھنے میں ضائع ہو رہا ہے، وہیں ایک نیا مائیکرو لرننگ پلیٹ فارم تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ ‘ڈیپ اسٹاش’ نامی یہ ایپ روایتی پڑھنے کی عادات کو بدل رہی ہے اور صارفین کو نان فکشن کتابوں، مضامین اور پوڈ کاسٹس کے اہم ترین نکات چند سیکنڈز میں کارڈز کی شکل میں فراہم کر رہی ہے۔
اس ایپ کو باشعور افراد کا ٹک ٹاک بھی کہا جا رہا ہے کیونکہ اس کا انٹرفیس مختصر، پرکشش اور آئیڈیا کارڈز پر مبنی ہے جنہیں چند لمحوں میں پڑھا جا سکتا ہے۔ ڈیپ اسٹاش خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بنایا گیا ہے جو وقت کی کمی کی وجہ سے موٹی کتابیں نہیں پڑھ پاتے لیکن ذاتی ترقی، کاروبار اور روزمرہ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کچھ نیا سیکھنا چاہتے ہیں۔
صارفین پرسنل ڈیولپمنٹ، ٹائم مینجمنٹ، نفسیات اور بزنس جیسے موضوعات میں سے اپنی پسند کے کارڈز منتخب کر سکتے ہیں اور انہیں مستقبل کے لیے محفوظ بھی کر سکتے ہیں۔ ایپ دنیا بھر کی ہزاروں نان فکشن کتابوں اور طویل مواد کا نچوڑ پیش کرتی ہے، جس سے معلومات حاصل کرنے کا طریقہ آسان اور تیز ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ایپ مکمل کتاب کا متبادل نہیں بن سکتی، لیکن سوشل میڈیا کی لت سے نجات دلانے اور مثبت عادات اپنانے کے لیے یہ ایک کارآمد ذریعہ ثابت ہو رہی ہے۔
نوجوانوں میں ڈیپ اسٹاش کی بڑھتی مقبولیت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ٹیکنالوجی اب صرف تفریح نہیں بلکہ علم حاصل کرنے کا بھی نیا اور مؤثر ذریعہ بن رہی ہے۔