سری نگر/انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے وزیر اعظم روزگار پیداوار پروگرام (PMEGP) کے تحت جے اینڈ کے بینک میں مبینہ قرض فراڈ کے معاملے میں سری نگر اور بانڈی پورہ اضلاع میں 10.63 کروڑ روپے مالیت کی 11 غیر منقولہ جائیدادیں عارضی طور پر منسلک کر دی ہیں۔
ایک بیان میں ای ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ ای ڈی کے سری نگر زونل دفتر نے انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (PMLA) 2002 کے تحت یہ کارروائی انجام دی ہے۔ منسلک کی گئی جائیدادوں میں زمین اور عمارتیں شامل ہیں، جن پر مبینہ طور پر سپلائرز و بروکرز، جے اینڈ کے بینک کے بعض اہلکاروں اور دیگر ملوث افراد کا قبضہ ہے۔
ترجمان کے مطابق، اس معاملے میں انسدادِ بدعنوانی بیورو (ACB) اور سی بی آئی سری نگر کی جانب سے درج دو ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ ان ایف آئی آر میں پی ایم ای جی پی اسکیم کے تحت جاری قرضوں کی رقم مبینہ طور پر ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ قرض لینے والوں، جے اینڈ کے بینک کی سمبل اور گامڈ گڈکھڈ شاخوں کے بینک اہلکاروں اور دیگر نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مجرمانہ سازش کے تحت بینک کو دھوکہ دیا اور سرکاری رقم کا غلط استعمال کیا۔
ای ڈی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ پی ایم ای جی پی اسکیم کے تحت فرضی قرض داروں کو سامنے لا کر قرض حاصل کیے گئے، جبکہ غیر موجود فرموں اور کمپنیوں کے جعلی بلوں اور انوائسز کا استعمال کیا گیا۔ اس عمل میں بینک اہلکاروں اور نجی افراد، بشمول سپلائرز و بروکرز، کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ سی بی آئی اور اے سی بی نے جون 2026 میں اس معاملے میں الگ الگ ایف آئی آر بھی درج کی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پی ایم ایل اے کی دفعہ 16 کے تحت جے اینڈ کے بینک کی سمبل اور گامڈ گڈکھڈ شاخوں میں کیے گئے سروے کے دوران پی ایم ای جی پی اسکیم سے متعلق 270 ٹرم لون اکاؤنٹس اور اتنی ہی تعداد میں ورکنگ کیپیٹل اکاؤنٹس سامنے آئے۔ ان اکاؤنٹس میں تقریباً 32 کروڑ روپے کے قرضے نان پرفارمنگ اثاثے (این پی اے) بن چکے تھے۔
تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ مبینہ غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم کو مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے متعدد لین دین میں منتقل کیا گیا اور اس کا استعمال جائیدادوں کی تعمیر، تزئین و آرائش اور ذاتی مفادات کے لیے کیا گیا۔
ای ڈی کے مطابق، اب تک کی تحقیقات میں ہلال احمد وانی اور دیگر افراد کا پی ایم ای جی پی قرضوں کے مبینہ فراڈ میں اہم کردار سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ قرض داروں کو ان کے کے وائی سی دستاویزات اور دیگر ریکارڈ استعمال کرکے قرض حاصل کرنے پر آمادہ کیا گیا، جبکہ قرض کی منظوری کے لیے سپلائرز و بروکرز یا ان کے اہل خانہ کے نام پر رجسٹرڈ فرضی کمپنیوں کے جعلی بل استعمال کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق، تحقیقات کے دوران 11.37 کروڑ روپے کی مبینہ غیر قانونی آمدنی (Proceeds of Crime) کا سراغ لگایا گیا ہے۔ اس رقم کو مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے منتقل کیا گیا، جبکہ اس کا ایک حصہ اہل خانہ کے نام پر موجود جائیدادوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش پر خرچ کیا گیا۔
ای ڈی نے بتایا کہ مبینہ غیر قانونی رقم کا ایک بڑا حصہ بھی خرد برد کیا گیا، جس سے ملزمان کے اس رقم کی منتقلی، چھپانے، قبضے میں رکھنے اور استعمال کرنے میں مبینہ ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسی تناظر میں پی ایم ایل اے کی دفعہ 5(1) کے تحت سپلائرز و بروکرز، بینکروں اور ایک بینک افسر کے زیر کنٹرول 11 جائیدادوں کو عارضی طور پر منسلک کیا گیا ہے تاکہ مبینہ غیر قانونی آمدنی کی مالیت کو محفوظ رکھا جا سکے۔ای ڈی نے کہا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments