کشمیر کی آبی پناہ گاہوں سے متعلق نیشنل گرین ٹربیونل نے تازہ رپورٹ طلب کرلی، اصل رقبے کے اعداد و شمار غائب ہونے پر تشویش کا اظہار

نئی دہلی/نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے کشمیر کی آبی پناہ گاہوں (Wetlands) کی موجودہ صورتحال سے متعلق جموں و کشمیر آلودگی کنٹرول کمیٹی (J&KPCC) سے تازہ اور جامع رپورٹ طلب کی ہے۔ ٹریبونل نے سابقہ رپورٹ میں آبی پناہ گاہوں کے حقیقی موجودہ رقبے سے متعلق اہم معلومات کی عدم موجودگی پر تشویش ظاہر کی۔
این جی ٹی نے نشاندہی کی کہ آلودگی کنٹرول کمیٹی نے آبی پناہ گاہوں کا محکمہ مال کے ریکارڈ میں درج رقبہ تو پیش کیا، تاہم ان کا موجودہ حقیقی رقبہ ظاہر نہیں کیا گیا۔ ٹریبونل نے ہدایت دی کہ ہر آبی پناہ گاہ کے محکمہ مال کے ریکارڈ میں درج رقبے اور زمینی سطح پر موجود اصل رقبے کا تقابلی جائزہ پیش کیا جائے۔یہ ہدایات کشمیر کی جھیلوں اور آبی پناہ گاہوں کے سکڑنے اور معدوم ہونے سے متعلق ایک معاملے کی سماعت کے دوران جاری کی گئیں۔
این جی ٹی کے چیئرمین جسٹس پرکاش شریواستو کی سربراہی میں قائم بینچ، جس میں ماہر اراکین اے سینتھل ویل اور افروز احمد بھی شامل تھے، نے کمیٹی کو ہدایت دی کہ تازہ رپورٹ اگلی سماعت سے کم از کم ایک روز قبل پیش کی جائے۔ معاملے کی اگلی سماعت 26 فروری 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔ٹریبونل کو بتایا گیا کہ آلودگی کنٹرول کمیٹی نے یکم اکتوبر 2026 کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی، جس میں جنگلاتی علاقوں سے باہر ایک ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلی 27 آبی پناہ گاہوں کی تفصیلات شامل تھیں۔ تاہم، بعض اضلاع سے معلومات موصول نہ ہونے کے باعث رپورٹ نامکمل رہی۔
رپورٹ کے مطابق جموں اور کپواڑہ کے ڈپٹی کمشنروں سے متعلقہ آبی پناہ گاہوں کی معلومات ابھی موصول ہونا باقی تھیں۔ کمیٹی کے ممبر سیکریٹری نے ٹریبونل کو یقین دہانی کرائی کہ دونوں اضلاع سے معلومات حاصل کرنے کے بعد تازہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔
رپورٹ میں متعدد آبی پناہ گاہوں کے پانی کے معیار پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ جموں میں جمع کیے گئے پانی کے تینوں نمونے بیرونی غسل کے لیے مقررہ کلاس بی معیار پر پورے نہیں اترے۔ سامبا میں شناخت کیے گئے نو نمونوں میں سے صرف دو مقررہ معیار پر پورے اترے، جبکہ کٹھوعہ کا نمونہ معیار کے مطابق پایا گیا۔کشمیر میں کپواڑہ کی جانچ کی گئی چھ آبی پناہ گاہوں میں سے چار پانی کے معیار کے مقررہ کلاس بی معیار پر پورا نہیں اتریں، جس کی بنیادی وجہ پانی میں بائیو کیمیکل آکسیجن ڈیمانڈ (BOD) کی مقررہ حد سے زیادہ مقدار بتائی گئی۔ اسی طرح بارہمولہ کی رکھی دَسلی پورہ آبی پناہ گاہ بھی بی او ڈی اور تحلیل شدہ آکسیجن کے حوالے سے مقررہ معیار پر پوری نہیں اتری۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ رکھی دَسلی پورہ آبی پناہ گاہ موقع پر موجود نہیں پائی گئی، جبکہ اس علاقے کی ملکیتی اراضی کو دھان کی کاشت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سامبا کی ماواسَر آبی پناہ گاہ میں گھریلو گندے پانی کو آلودگی کا ایک ذریعہ قرار دیا گیا۔ٹریبونل نے زور دیا کہ آبی پناہ گاہوں کے تحفظ اور ان کی حقیقی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے درست اور مکمل اعداد و شمار ضروری ہیں، تاکہ ان کے اصل رقبے اور سرکاری ریکارڈ میں درج رقبے کے درمیان فرق واضح ہوسکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں