600 خصوصی دستوں کی آئندہ ہفتے سعودی عرب آمد متوقع ہے۔
شام نے سعودی عرب فوج بھیجنے کی تصدیق کر دی
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شامی حکام نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ شامی فوجی مشیر پہلے ہی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ یہ پیش رفت ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دمشق یمن کے حوثیوں کے ساتھ سعودی عرب کی کشیدگی میں ریاض کی مدد کر رہا ہے۔
شامی صدر احمد الشرع کے دورہ سعودی عرب کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں پیش رفت ہوئی۔ دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں سکیورٹی اور مالی معاونت کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
سعودی عرب نے شام کے تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے قرضوں کا اعلان بھی کیا ہے۔ شامی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں میں وزارت دفاع کے درمیان تعاون سب سے نمایاں پیش رفت ہے۔
شامی سرکاری خبر رساں ادارے سانا کے مطابق سعودی عرب بھیجے جانے والے اہلکار جنگی کارروائیوں میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ ان کی ذمہ داری فوجی تربیت اور مشاورت ہوگی۔ دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے دعویٰ کیا تھا کہ یمن میں موجود شامی اہلکار حوثیوں کے خلاف ڈرون کارروائیاں چلا رہے ہیں، تاہم شامی حکومت نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب مارچ 2015 سے یمن کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں عرب فوجی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔ یہ اتحاد ستمبر 2014 میں حوثی جنگجوؤں کے دارالحکومت صنعاء پر قبضے کے بعد قائم کیا گیا تھا۔
الجزیرہ کے مطابق سعودی عرب حوثیوں اور ایران سے لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے علاقائی فوجی اتحاد تشکیل دینے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔ ایک شامی عہدیدار کے مطابق موجودہ فوجی تعاون مستقبل میں شام کی مکہ دفاعی اتحاد میں شمولیت کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق شام کی فوجی معاونت کا سعودی عرب کے لیے عملی جنگی فائدے سے زیادہ سیاسی اور سفارتی اہمیت ہو سکتی ہے۔ اس تعاون سے دمشق کو خطے کے ایک اہم ملک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا موقع بھی ملے گا۔