سیاسی اختلاف کا جواب گرفتاریوں سے نہیں،سیاسی انداز میں دیا جائے، سینیٹر کامران مرتضیٰ

ان کی جماعت نے کوئی بگاڑ پیدا نہیں کیا بلکہ سیاسی معاملات پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے

November 12, 2026 · امت خاص

سیاسی اختلاف کا جواب گرفتاریوں سے نہیں،سیاسی انداز میں دیا جائے، سینیٹر کامران مرتضیٰ

سیاسی اختلاف کا جواب گرفتاریوں سے نہیں،سیاسی انداز میں دیا جائے، سینیٹر کامران مرتضیٰ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات پر اختلاف کا جواب بھی سیاسی انداز میں دیا جانا چاہیے، لوگوں کو گرفتار کرنے، گھروں پر چھاپے مارنے اور کاروبار بند کرانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

اُمت ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے کوئی بگاڑ پیدا نہیں کیا بلکہ سیاسی معاملات پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ اختلاف کرنے والے ان کے مؤقف کو غلط قرار دے سکتے ہیں، لیکن اس کا جواب دلیل اور سیاسی مکالمے کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔

28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جیل میں ملاقات کے دوران اس معاملے پر بھی گفتگو ہوئی اور ترمیم کا مسودہ تیار ہونے کی بات سامنے آئی ہے، تاہم یہ مسودہ تاحال جے یو آئی کو نہیں دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ مسودہ ان جماعتوں کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے جن سے حمایت کی توقع ہو۔ ان کے مطابق ممکن ہے کہ موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں اس ترمیم پر پیش رفت ممکن نہ ہو، جبکہ بعض جماعتوں کا مؤقف ہے کہ اس معاملے کو کسی اور وقت زیر غور لایا جائے۔

جے یو آئی رہنما نے پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک ان کی جماعت کے پانچ افراد گرفتار ہو چکے ہیں، جن میں اسلام آباد کے امیر اور نائب امیر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کارکنوں کے ریمانڈ کے معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سے متعلق سوال پر کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ کانفرنس کے لیے چار ممکنہ تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میزبانی کرنا چاہتی ہے، جبکہ آئندہ ہفتے اور اس کے بعد والے ہفتے کے منگل اور بدھ کے دنوں کی تاریخیں دی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید تصدیق کی کہ جے یو آئی کے متعدد بینک اکاؤنٹس بھی بند ہیں، جن کی تعداد تقریباً چار سے پانچ ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں