حادثے میں پانچ ٹرکوں سمیت مجموعی طور پر 23 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ تصادم کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے دوسری گاڑیوں تک پھیل گئی
متحدہ عرب امارات: ٹرکوں اور گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 14 افراد جاں بحق، 30 زخمی
متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ٹرک اور متعدد گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد ٹرک میں لگنے والی آگ نے کئی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بے قابو ٹرک پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اور پھر سڑک پر ٹریفک کی سست رفتاری کے باعث رکی ہوئی دیگر گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔
حکام کے مطابق حادثے میں پانچ ٹرکوں سمیت مجموعی طور پر 23 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ تصادم کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے دوسری گاڑیوں تک پھیل گئی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔
فجیرہ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد 30 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے نصف کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ دیگر زخمی تاحال زیر علاج ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں اماراتی شہریوں کے علاوہ بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں بھارتی قونصل خانے نے بھی اپنے شہریوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور مقامی حکام کے تعاون سے انہیں ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں اماراتی، عمانی، بھارتی، برازیلی، پاکستانی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔ حادثے کے فوری بعد پولیس، طبی امداد اور شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور سڑک کو محفوظ بنایا۔