نئے صوبوں کا قیام عوامی مرضی اور اتفاق رائے سے مشروط ہے، رانا ثنا اللہ

سیاسی جماعتوں کی اہمیت مسلم، ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ نے طے کرنا ہے، محسن نقوی و رانا ثنا اللہ

November 14, 2026 · اہم خبریں

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی میڈیا سے گفتگو کی فائل فوٹو

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی میڈیا سے گفتگو کی فائل فوٹو

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر نئے صوبے عوام کی مرضی اور باہمی اتفاق رائے سے بنتے ہیں تو یہ ایک بہت اچھی بات ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے تقریب میں نئے صوبوں سے متعلق دیے گئے بیانات پر پہلے کچھ اعتراضات تھے، تاہم محسن نقوی کی جانب سے وضاحت کے بعد اب کوئی ابہام باقی نہیں رہا۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق محسن نقوی نے تسلیم کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی اپنی اہمیت ہے اور صوبوں کی تشکیل کے لیے کسی کو ناراض یا باہر نہیں رکھا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اگر اس نوعیت کا اتفاق رائے حاصل کرنے میں 6 ہفتے، 6 ماہ یا 6 سال بھی لگ جائیں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام سے متعلق اگر ریفرنڈم ہو بھی جائے، تب بھی اصل فیصلہ پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے اور یہ معاملہ تاحال پارلیمنٹ میں زیر بحث نہیں آیا ہے۔ اس حوالے سے جب بھی معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا تو اس پر باقاعدہ پالیسی بیان جاری کیا جائے گا اور تفصیلی بحث ہوگی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے حق میں اب تک متعدد عوامی سروے سامنے آ چکے ہیں، اس لیے سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے ریفرنڈم کا انعقاد کروائیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری کے اس موقف سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ عوام کی خواہش پر ہی نئے صوبے بننے چاہئیں اور وہ ذاتی طور پر 100 فیصد عوامی ریفرنڈم کے نتائج کے حامی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی رائے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جسے کسی صورت رد نہیں کیا جا سکتا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں