قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ ہو، جسٹس جمال مندوخیل کا الوداعی خطاب

اہم پیش رفت، عدلیہ ایگزیکٹو سے الگ ہو، سپریم کورٹ میں 3 قائم مقام ججز کی تعیناتی کا فیصلہ

November 13, 2026 · اہم خبریں

جسٹس جمال مندوخیل اپنے الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

جسٹس جمال مندوخیل اپنے الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے واضح کیا ہے کہ عدلیہ کو ایگزیکٹو سے مکمل طور پر الگ ہونا چاہیے تاکہ قانون طاقتور کی خواہش کا غلام نہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ جج کا حلف ہی اس کا اصل سرمایہ ہے اور جج کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا حتمی معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین ریاست کے تمام اداروں کی حدود کا تعین کرتا ہے اور عدلیہ کا بنیادی آئینی فریضہ آئین کی تشریح اور اس پر دیانت دارانہ عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جسٹس جمال مندوخیل کی قانونی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بحیثیت چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور جج سپریم کورٹ سول، سروس اور کرمنل کیسز میں نہایت اہم اور تاریخی فیصلے صادر کیے ہیں۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ میں ججز کی کمی اور مقدمات کا بوجھ بڑھنے کے پیش نظر چیف جسٹس پاکستان نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہباز رضوی جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور کو سپریم کورٹ میں قائم مقام جج تعینات کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس رواں ماہ بلائے جانے کا قوی امکان ہے جس میں ان تقرریوں سے متعلق حتمی منظوری دی جائے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں