امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ ایران طے کرے گا، قالیباف

نئی جنگ کا دھواں بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں جائے گا۔

November 15, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ ایران طے کرے گا، قالیباف

امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ ایران طے کرے گا، قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ اور مقام ایرانی مسلح افواج اپنی صلاحیت اور ارادے کے مطابق طے کریں گی۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران کے لیے اس بات کی اہمیت نہیں کہ امریکہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے یا جنگ کا۔ اگر امریکی حکام نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو جنگ کا جغرافیہ ایرانی افواج طے کریں گی۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ نئی جنگ کا دھواں بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے مسلح افواج کے کمانڈروں کو دشمن کی کسی بھی دھمکی کا فوری اور جغرافیائی حدود کی پابندی کے بغیر جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔

اس کے بعد ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف علی عبداللہی نے ایک زیرِ زمین میزائل تنصیب کے دورے کے موقع پر خبردار کیا تھا کہ ایران پر نیا حملہ ہوا تو اس کا ردعمل مشرقِ وسطیٰ سے باہر تک پھیل سکتا ہے۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اپنے میزائلوں کی حدِ مار سے متعلق پابندیاں ختم کر دی ہیں، جبکہ میزائلوں اور ڈرونز کی تیاری کے مراکز بھی زیرِ زمین منتقل کر دیے گئے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق ملک کے میزائلوں کی مؤثر حدِ مار تقریباً 2 ہزار سے 2 ہزار 500 کلومیٹر تک ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں