افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی تحفظات دور کریں،پاکستان

اہم پیش رفت، غیر ملکی وفود اسلام آباد پہنچ گئے، تجارت کے فروغ کا عزم ظاہر کیا گیا۔

November 16, 2026 · اہم خبریں

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں

 

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ  سینیٹراسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ترقی اور پائیدار امن کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے تمام تنازعات کا پُرامن حل چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلی کے اس دور میں مضبوط علاقائی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے پلیٹ فارم کے تحت بامعنی علاقائی تعاون، تجارت اور اقتصادی روابط کا فروغ اس بات سے مشروط ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی تحفظات دور کریں۔

 

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کی 2026 اور 2027 کے لیے صدارت کے دوران علاقائی تعاون کے احیا، تجارت، سرمایہ کاری اور روابط کے فروغ سمیت 5 ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا۔ علاقائی تعاون خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پُرعزم ہے۔ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہماری رہنمائی کے اصول ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ دوسری ترجیح علاقائی روابط کا فروغ ہے۔ وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کو بحیرہ عرب کے ساحل پر پاکستان کی بندرگاہوں سے منسلک کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے پر رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی، سرحدی انتظامات میں بہتری اور قابل اعتماد ٹرانزٹ نظام تجارتی راستوں کے لیے ضروری ہیں۔ تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ چوتھی ترجیح قدرتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی علاقائی صلاحیت مضبوط بنانا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتا دباؤ معیشتوں اور عوام کے روزگار کو متاثر کر رہا ہے۔ آفات سے نمٹنے کی تیاری، پیشگی انتباہی نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے انفراسٹرکچر کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پانچویں ترجیح عوام اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ہے۔ خطے کی نوجوان آبادی ہماری سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے۔ تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت کے بہتر مواقع نوجوانوں کو بدلتی معیشتوں کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کر سکتے ہیں۔

 

اسحاق ڈار نے ای سی او اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے فریم ورک میں مکمل طور پر ضم ہو اور اپنے ساتھ ساتھ اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے۔ ایسا نتیجہ نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگا، کیونکہ اس سے تجارت، راہداری اور اقتصادی تعاون کے اہم مواقع کھلیں گے۔

 

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بوبور مسعودووچ عثمانوف سمیت دیگر رکن ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اسلام آباد پہنچے ہیں۔ اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مہمان وفود کے اعزاز میں ایک استقبالیہ عشائیہ بھی دیا جس میں وفاقی وزراء اور سفارتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

 

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں