’مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے سبب پیدا بے لگام مہنگائی نے عوام اور کاروباریوں دونوں کی کمر توڑ دی‘

ہندوستان میں بڑھتی مہنگائی کی خبریں اب عام ہو گئی ہیں، لیکن ایک ایسا سروے سامنے آیا ہے جس نے تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی کے سبب کئی کنبوں کا ماہانہ خرچ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ غیر ضروری اخراجات میں تخفیف کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری سامان بھی کم خریدنے کو مجبور ہیں۔ اس سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’مہنگائی سے گھر بے حال، کاروباروں پر لگا تالا۔‘‘

جئے رام رمیش نے بڑھتی مہنگائی کے لیے مودی حکومت کی معاشی بدانتظامی اور عوام مخالف پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت کی معاشی بدانتظامی اور عوام مخالف پالیسیوں کے سبب بے لگام مہنگائی نے عوام اور کاروباریوں دونوں کی کمر توڑ دی ہے۔‘‘وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’ایک تازہ سروے کے مطابق 61 فیصد کنبوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا ہے، 74 فیصد لوگ غیر ضروری اخراجات میں تخفیف کر رہے ہیں اور 50 فیصد لوگ ضروری سامان بھی کم خریدنے کو مجبور ہیں۔‘‘

مختلف ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہوئے اضافہ کا ذکر بھی جئے رام رمیش نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’گزشتہ ایک سال میں گھی و تیل کی قیمتوں میں 75 فیصد، سبزیوں میں 73 فیصد، چاول و گیہوں اور اناج میں 71 فیصد، دودھ اور ڈیری مصنوعات میں 65 فیصد اور دالوں میں 62 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ بتاتے ہیں کہ ’’صرف نوئیڈا میں امریکی ٹیرف، مہنگے خام مال اور سرکاری بے توجہی کے سبب ایک سال میں 200 گارمنٹ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں، اس سے پورے ملک میں کپڑا صنعت کی بدحالی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘‘

موجودہ مشکل حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سبھی اعداد و شمار خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔ عوام کی تھالی سکڑ رہی ہے اور کارخانوں پر تالے لگ رہے ہیں۔ وہ اس بات پر افسوس بھی ظاہر کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کی بے حسی اور تکبر کی حد اتنی بڑھ گئی ہے کہ بحران کے درمیان بھی انھیں صرف سیاست کی فکر ہے۔ جئے رام رمیش نے فکرمند انداز میں کہا کہ ’’عوام کے مسائل کا اعتراف کر راحت دینے کی کوئی پیش قدمی تک نہیں کی جا رہی ہے۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں