اتراکھنڈ: 2 دردناک حادثات میں 12 لوگوں کی موت، تقریباً 24 افراد زخمی

اتراکھنڈ میں 24 گھنٹوں کے اندر 2 بڑے حادثات سے افراتفری مچ گئی ہے۔ پیر کے روز رودرپریاگ میں ایک بس کھائی میں گر گئی، جبکہ منگل کے روز رشی کیش-بدری ناتھ شاہراہ پر ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ دونوں حادثات میں مجموعی طور پر 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ کم از کم 2 درجن افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج مختلف اسپتالوں میں چل رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رودرپریاگ میں پیر کی دیر شام خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس کے بعد جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ ضلع کے بانس واڑہ-کنڈارا موٹر روڈ پر ایک بولیرو گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 500 میٹر نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ اس دردناک حادثہ میں 4 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 6 افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔

حادثہ کے وقت بولیرو گاڑی میں 10 لوگ سوار تھے۔ یہ تمام افراد ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گاؤں واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران بانس واڑہ-کنڈارا موٹر روڈ پر ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور گاڑی سیدھے گہری کھائی میں جا گری۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع آفات کنٹرول روم رودرپریاگ نے فوری کارروائی کی۔ اس کے بعد ڈی ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور مقامی پولیس کی ٹیمیں فوراً جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئیں۔ موقع پر شدید تاریکی ہونے اور کھڑی چٹان کے باعث امدادی ٹیموں کو بچاؤ آپریشن چلانے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود جوانوں نے دیر رات تک راحت و بچاؤ کا کام جاری رکھا۔ امدادی ٹیموں نے اسٹریچر کی مدد سے تمام 6 زخمیوں کو کھڑی چٹان اور گہری کھائی سے بحفاظت باہر نکالا اور سڑک تک پہنچایا۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے فوراً قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

دوسری جانب منگل کے روز رشی کیش-بدری ناتھ شاہراہ پر گولر بازار کے قریب مسافروں سے بھری ایک بس بے قابو ہو کر پل سے تقریباً 100 میٹر نیچے پانی میں جا گری۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف کی بیاسی اور ڈھال والا پوسٹ کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ کا کام شروع کر دیا۔ بس میں 30 سے 35 افراد سوار تھے، جن میں سے 8 لوگوں کی اس حادثے میں جان چلی گئی۔ ان میں سے 7 کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی، جبکہ ایک شخص نے ایمس میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ اس حادثہ میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ ارپن یادونشی کی ہدایت پر راحت و بچاؤ کے کام میں تیزی لانے کے لیے اضافی ٹیموں کو بھی فوراً جائے حادثہ کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ فی الحال موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور مقامی پولیس باہمی تال میل کے ساتھ راحت اور بچاؤ کا کام انجام دے رہی ہیں۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں