واٹس ایپ پیغامات کا جواب زیادہ مؤثر انداز میں دینے کے لیے متعدد اسٹیکرز کے استعمال کی سہولت متعارف کرا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے موجودہ اسٹیکر کلیکشن میں سے کوئی بھی اسٹیکر منتخب کر کے کسی پیغام پر ردعمل دے سکیں گے، اس اپ ڈیٹ کے تحت صارفین انفرادی چیٹس اور گروپس میں ایک پیغام پر زیادہ سے زیادہ 20 اسٹیکرز استعمال کر سکیں گے۔
اس سے پہلے یہ اطلاع آئی تھی کہ صارفین کو روایتی ایموجیز کے علاوہ اپنے ردعمل کے اظہار کا ایک اور فیچر فراہم کیا جا رہا ہے، جس میں ساکن اور متحرک دونوں طرح کے اسٹیکرز استعمال کیے جا سکیں گے۔
واٹس ایپ نے بالآخر اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے پیغامات پر اسٹیکرز کے ذریعے ردعمل دینے کی سہولت متعارف کرانا شروع کر دی ہے۔ اب صارفین کوئی اسٹیکر منتخب کر کے اسے اپنے پیغام پر ردعمل کے طور پر لگا سکتے ہیں۔
یہ فیچر واٹس ایپ بیٹا برائے اینڈرائیڈ کے ورژن 2.26.46.5 میں دیکھی جا رہی ہے، جو گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ اس اپ ڈیٹ کے ذریعے یہ سہولت بعض بیٹا صارفین کو فراہم کی گئی ہے۔ پیغام کے مینو میں ایک نیا شارٹ کٹ شامل کیا گیا ہے، جس سے صارفین اسٹیکر کی بورڈ کھول کر اپنی پسند کا اسٹیکر منتخب کر سکتے ہیں۔
اسٹیکر کے ذریعے کسی پیغام پر ردعمل کیسے دیں؟
صارفین کسی بھی پیغام پر ٹیپ کر کے اس کا مینو کھول سکتے ہیں۔ مینو کے اوپری حصے میں ردعمل دینے کے لیے ایموجیز کی پٹی دکھائی دیتی ہے۔ اس کے ساتھ ایک بٹن بھی موجود ہے، جسے دبانے سے اسٹیکر کی بورڈ کھل جاتا ہے۔
اس کے بعد صارفین اپنے اسٹیکر کلیکشن میں موجود مختلف پیک دیکھ کر کوئی اسٹیکر منتخب کر سکتے ہیں۔ اسٹیکر کی بورڈ سے ساکن اور متحرک، دونوں قسم کے اسٹیکرز منتخب کیے جا سکتے ہیں۔ اسٹیکر منتخب کرتے ہی واٹس ایپ اسے خودکار طور پر متعلقہ پیغام پر ردعمل کے طور پر لگا دیتا ہے۔
یہ اسٹیکر پیغام کے نچلے حصے میں دکھائی دیتا ہے اور گفتگو میں شامل تمام افراد اسے دیکھ سکتے ہیں۔
اسٹیکر اور ایموجی ری ایکشنز میں فرق
واٹس ایپ ایموجی اور اسٹیکر ری ایکشنز کے لیے الگ اصول رکھتا ہے۔ ایموجی کے ذریعے ایک پیغام پر صرف ایک ایموجی لگایا جا سکتا ہے۔ اگر صارف کوئی دوسرا ایموجی منتخب کرے تو وہ پہلے والے کی جگہ لے لیتا ہے۔
اس کے برعکس اسٹیکر ری ایکشنز میں صارف ایک ہی پیغام پر متعدد اسٹیکرز لگا سکتا ہے۔ وہ مختلف اسٹیکرز کے ساتھ ایک ہی اسٹیکر کو ایک سے زیادہ مرتبہ بھی استعمال کر سکتا ہے۔ اس طرح صارفین کو ایک پیغام پر ردعمل دینے کے لیے زیادہ آزادی ملتی ہے۔
ایک پیغام پر زیادہ سے زیادہ کتنے اسٹیکرز لگ سکتے ہیں؟
فی الحال واٹس ایپ نے ایک پیغام پر اسٹیکر ری ایکشنز کی حد 20 مقرر کی ہے۔ یہ تعداد پوری ہونے کے بعد صارف مزید اسٹیکرز کے ذریعے اس پیغام پر ردعمل نہیں دے سکے گا۔
صارفین کو اس حد سے آگاہ کرنے کے لیے واٹس ایپ نوٹیفکیشن دکھاتا ہے کہ ایک پیغام پر زیادہ سے زیادہ 20 اسٹیکرز لگائے جا سکتے ہیں۔ صارفین اسٹیکر ری ایکشنز کی معلومات والے صفحے پر جا کر تمام اسٹیکرز اور انھیں استعمال کرنے والے افراد کی فہرست بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اسی صفحے سے کسی بھی وقت اپنا اسٹیکر ری ایکشن ہٹانا بھی ممکن ہے۔
چیٹ میں اسٹیکر ری ایکشنز کیسے دکھائی دیں گے؟
واٹس ایپ اسٹیکر ری ایکشنز کو متعلقہ پیغام کے نیچے دکھاتا ہے۔ اگر کسی پیغام پر صرف چند اسٹیکرز لگائے گئے ہوں تو وہ پیغام کے خانے کے نچلے حصے میں ایک چھوٹی قطار کی صورت میں نظر آتے ہیں۔
جیسے جیسے مزید اسٹیکرز شامل ہوتے ہیں، واٹس ایپ انhیں پیغام کے اردگرد پھیلا دیتا ہے۔ جب کسی پیغام پر 20 اسٹیکرز لگ جائیں تو وہ پیغام کے خانے کے نچلے، اطرافی اور بالائی حصوں میں دکھائی دیتے ہیں۔ اس طرح اسٹیکر ری ایکشنز عام ایموجی ری ایکشنز کے مقابلے میں زیادہ نمایاں ہوتے ہیں اور چیٹ میں پیغامات کو ایک منفرد انداز دیتے ہیں۔
اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے مرحلہ وار دستیابی
اسٹیکر ری ایکشنز کی سہولت ان بعض صارفین کو دستیاب ہے جنhوں نے گوگل پلے اسٹور سے واٹس ایپ کی تازہ ترین اپ ڈیٹ انسٹال کی ہے۔ یہ فیچر مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ ہر بیٹا صارف کو یہ فوری طور پر نظر نہ آئے۔
اگر فی الحال اسٹیکر کی بورڈ کھولنے کا بٹن دکھائی نہیں دے رہا تو آئندہ چند ہفتوں میں یہ سہولت مزید صارفین کے اکاؤنٹس تک پہنچ سکتی ہے۔ واٹس ایپ نے ابھی یہ اعلان نہیں کیا کہ یہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا۔