سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ملی عبوری ضمانت کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ای ڈی نے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے فوری سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ ایجنسی نے گرفتاری کی وجوہات نہ بتائے جانے اور بدنیتی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھائے ہیں۔ ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو پیش ہوئے۔ ای ڈی نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے یہ معاملہ پیش کیا۔ ای ڈی نے سپریم کورٹ سے معاملے کی جلد سماعت کرنے اور تب تک جوں کی توں صورتحال برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران جسٹس جوائے مالیہ باگچی نے کہا کہ ’’آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیں۔‘‘ سپریم کورٹ نے اس معاملے کو کل یعنی جمعرات کے روز سماعت کے لیے فہرست بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ فی الحال اعظم خان کی عبوری ضمانت پر پابندی عائد نہیں ہوئی ہے۔ اب کل سپریم کورٹ میں کل ہونے والی سماعت کے دوران ای ڈی کی عرضی پر غور و فکر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اعظم خان کو منی لانڈرنگ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ سے 17 نومبر کو عبوری ضمانت ملی تھی۔ ہائی کورٹ نے ان کی گرفتاری کے عمل پر سوالات اٹھائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :
اعظم خان کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی تھی کہ گرفتاری کے وقت ای ڈی نے انہیں تحریری طور پر گرفتاری کی وجہ نہیں بتائی تھی۔ ہائی کورٹ نے ابتدائی طور پر تسلیم کیا تھا کہ گرفتاری کے دوران آئین کی دفعہ (1)22 اور پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت ضروری قواعد پر عمل در آمد نہیں کیا گیا تھا۔ اسی بنیاد پر اعظم خان کو عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ ای ڈی کا منی لانڈرنگ کا معاملہ رام پور کی مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی سے متعلق ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کا الزام ہے کہ یونیورسٹی کے لیے کسانوں کی زمین پر زبردستی قبضہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سرکاری کاموں کے لیے ملنے والی رقم کا استعمال یونیورسٹی میں کرنے اور ٹھیکیداروں سے چندے کے نام پر ٹرسٹ کو رقم واپس دلوانے کا بھی الزام ہے۔ ای ڈی نے اس معاملے میں یونیورسٹی کی تقریباً 426.46 کروڑ روپے مالیت کی زمین اور عمارتیں ضبط کی ہیں۔