ملک کی راجدھانی دہلی میں پانی اور ہوا دونوں ہی زہریلی ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو بے حد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جمنا ندی کی آلودگی کا سبب صرف سیوریج اور صنعتی کچرا ہی نہیں ہے، بلکہ دواؤں کے باقیات، جراثیم کش ادویات اور صنعتی کیمیکلز بھی اس کے اسباب میں شامل ہیں۔ جمنا کے پانی میں ان مرکبات کی موجودگی سے انسانی صحت اور آبی ماحولیاتی نظام کو لے کر تشویش بڑھ گئی ہے۔ دہلی یونیورسٹی کے محققین نے جمنا ندی پر ایک نئی تحقیق کی ہے، جس میں ندی کے پانی میں 321 کیمیائی مرکبات کی شناخت کی گئی ہے۔ ان میں 36 ایسے مرکبات ہیں جو گلوبلی ہارمونائزڈ سسٹم کے تحت صحت یا ماحول کے لیے خطرناک زمروں میں شامل ہیں۔ ان زمروں میں کینسر، تولیدی صلاحیت پر اثرات، شدید زہریلا پن اور آبی جانداروں کے لیے خطرات شامل ہیں۔ یہ تحقیق ’جرنل آف ہیزرڈس میٹریلز ایڈوانسز‘ میں شائع ہوئی ہے۔ پلا سے اصغرپور تک جمنا کے 48.8 کلومیٹر طویل حصے میں 8 مقامات سے اس تحقیق کے لیے نمونے جمع کیے گئے تھے۔
ان نمونوں میں مائیکرو پلاسٹک کے 2289 ذرات پائے گئے۔ ان کی اوسط مقدار 3.18 ذرات فی لیٹر رہی۔ 50 ایسے کیمیائی مرکبات بھی ملے، جو مائیکرو پلاسٹک سے الگ اجزا میں کم از کم 4 مقامات پر موجود تھے۔ ان میں سے 7 کیمیکلز سبھی 8 مقامات پر ملے۔ ان میں 2- نیتھیلامائن، لڈوکین اور مونو بیوٹائل پیتھلیٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایٹوموکسیٹین، ڈومپیریڈون اور ٹیلمیسارٹن جیسی دواؤں سے متعلق کیمیائی مرکبات اور ڈائی یورون اور تھایامیتھوکسام جیسے زرعی کیمیکلز بھی پائے گئے۔ تحقیق کے شریک مصنف اور دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ ماحولیاتی مطالعات کے سربراہ رادھے شیام شرما نے کہا کہ صرف مائیکرو پلاسٹک کی بنیاد پر جمنا کی آلودگی کو نہیں سمجھا جا سکتا، بلکہ وہاں موجود مختلف کیمیائی مادوں کے پیچیدہ مرکب کی بھی جانچ ضروری ہے۔ 22 معاون نالوں کے ذریعے سیوریج، کھیتوں سے بہہ کر آنے والا پانی اور صنعتی کچرا جمنا میں پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندی کے کنارے سرسبز علاقوں اور قدرتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
سب سے زیادہ مائیکرو پلاسٹک بیراج کے قریب ملا ہے۔ اس کے بعد کئی نالوں کے ملنے والے سیلابی علاقے کا مقام رہا۔ پلا کے زرعی اور جنگلاتی علاقے میں مائیکرو پلاسٹک کی مقدار سب سے کم تھی۔ مائیکرو پلاسٹک میں پولی ایتھلین 44.1 فیصد اور پولی پروپیلین 27.3 فیصد شامل تھی۔ محققین نے واضح کیا ہے کہ صرف خطرناک کیمیکلز کی موجودگی سے صحت کو لاحق حقیقی خطرات ثابت نہیں ہوتے۔ اس کے لیے تفصیلی جانچ ضروری ہے۔ دہلی حکومت اتراکھنڈ کے روڑکی میں واقع آب پاشی تحقیقی ادارے ’آئی آر آئی‘ سے ہر سال چھٹھ پوجا کے دوران جمنا میں پیدا ہونے والی جھاگ کے حوالے سے تحقیق کرا رہی ہے۔ اس کے علاوہ جھاگ کو کم کرنے کے طریقوں کا بھی مطالعہ کرایا جا رہا ہے۔