آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی، وزیراعظم

کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی ، اجلاس میں گفتگو

November 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

فوٹو ریلیز

فوٹو ریلیز

آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی پلان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہاں ترقیاتی پلان پر عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

وزیراعظم  نے قائد مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور بتایا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش اسکول کا افتتاح کیا جائے گا جب کہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو اپنے 100 روزہ ترقیاتی پلان کے لیے جن وسائل کی ضرورت ہوگی، وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔

انہوں نے اپنی قیادت کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف، آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم افتخار گیلانی کے ہمراہ نو تعمیر شدہ رٹھوعہ ہریام  پل کی تختی کی نقاب کشائی کرکے پل کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے،اس پل کی تعمیر سے میرپور اور گردونواح کے علاقوں کے درمیان آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے سے مقامی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور علاقے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں