جے یو آئی کا احتجاج جاری رہے گا، نمازِ جمعہ کے بعد مظاہرے ہوں گے، رات گئے خطاب
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جمعرات اور جمعے کی شب اعلان کیا کہ انہین گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم پولیس نے اس کی تردید کی ہے۔
گرفتاری کا اعلان مولانا نے خود کارکنوں سے خطاب میں کیا اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ ملک بھر میں جاری دھرنے نمازِ جمعہ تک ملتوی کر دیے جائیں اور جمعہ کے روز نماز کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔
اس اعلان کے بعد کے یو آئی سندھ کے رہنما راشد محمود سومرو نے کارکنوں سے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے حکم پر ملک بھر میں جاری تمام دھرنے ملتوی کیے جاتے ہیں۔
ترجمان جماعت اور جاری کردہ تفصیلات کے مطابق لاہور کے ملتان روڈ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کے عزم و استقلال کو سراہا اور واضح کیا کہ احتجاج کا یہ سلسلہ پوری حکمت عملی کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں ان کا راستہ نہیں روک سکتیں اور جماعت کا ہر کارکن قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ “ابھی میرے پاس آئی جی صاحب تشریف لائے ہیں، سی سی پی او صاحب تشریف لائے ہیں۔ وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔ وہ مجھے جہاں لے جائیں گے، لے جائیں گے۔ آپ بے فکر رہیں، ہم ان شاء اللہ پوری استقامت کے ساتھ ان حالات کا مقابلہ کریں گے۔”
تاہم لاہور کے سی سی پی او بلال کمیانا نے مولانہ فضل الرحمان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ انھوں نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ’ہم نے انہیں گرفتار نہیں کیا ہے کیونکہ وہ ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔‘
’وہ خود اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گئے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہاں گئے ہیں۔‘
دوسری جانب جے یو آئی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مولانا کو پولیس گاڑی میں بٹھا کر لے جایا گیا جس کے بعد انہیں لاہور کی رہائشگاہ پر نظر بند کردیا گیا ہے۔
کارکنوں سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا جماعت اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کرے گی۔ نمازِ جمعہ کے بعد ذیلی تنظیمیں اپنے اپنے علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا انتظام کریں گی۔
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کا عوام سے خطاب۔
سب سے پہلے میں آپ کو، آپ کے استقلال، آپ کی جرأت اور پورے ملک میں جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے عزم و استقلال اور جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ احتجاج کا جو سلسلہ آج شروع کیا گیا ہے، ان شاء اللہ العزیز،… pic.twitter.com/dCkiNhWZ6W
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 26, 2026
مولانا فضل الرحمان کو جمرات کے روز سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرنا تھا، وہ لاہور سے روانہ ہوئے۔ تاہم انہیں روک دیا گیا جس کے بعد انہوں نے ملک بھر میں کارکنوں کو سڑکوں پر آنے کی کال دے دی۔ احتجاج کے سبب کئی شہروں میں سڑکیں جب کہ مختلف مقامات پر موٹرویز بند ہوگئیں۔
یہ بھی دیکھیں: مولانا فضل الرحمان کی نقل وحرکت پر کوئی پابندی نہیں،لاہور پولیس۔ نظر بندی کی بھی تردید
یہ بھی دیکھیں: مولانا فضل الرحمان کو نقصان پہنچا تو نواز شریف ذمہ دار ہوں گے، عبدالغفور حیدری
یہ بھی دیکھیں: مولانا فضل الرحمان کے گھر پر غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی نشاندہی، مسماری کا نوٹس جاری