مولانا فضل الرحمن انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچ گئے، سڑک پر ٹریفک بحال

مولانا فضل الرحمان پولیس اور انتظامیہ کے درمیان کئی گھنٹوں سے جاری مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد مولانا اپنے قافلے کے ہمراہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع رہائشگاہ پہنچ گئے۔

دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ اپنے قافلے کے ہمراہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب روانہ ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے ملتان روڈ کی دونوں سائیڈز پر ٹریفک مکمل طور پر بحال کر دیا 
جعمیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہمیں سرگودھا جانے کی اجازت دی جائے، ورنہ پورا ملک بند رہے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمن کا قافلہ ملتان روڈ پر رواں دواں ہے جو کو سرگودھا جارہا ہے، قافلہ ملتان روڈ پر ٹریفک میں پھنسا ہوا ہے۔

ملتان روڈ پر ٹھوکر کے قریب خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے عمداً ہمارا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، ہم پُرامن لوگ ہیں، بڑے نظم و ضبط کے ساتھ جا رہے ہیں، ہمارا راستہ کھولا جائے، ہم کوئی جرم یا ہنگامہ کرنے نہیں جا رہے، اپنے آئینی اور جمہوری حق کو استعمال کر رہے ہیں، ہمیں سرگودھا جانے کی اجازت دی جائے، ورنہ پورا ملک بند رہے گا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور کراچی تک آپ کی استقامت کے باعث ملک بند ہو چکا ہے، وہ تھک جائیں گے، ہم نہیں تھکیں گے، ہم نے اپنی پوری تاریخ امن کے ساتھ رقم کی ہے، ہم انسانی جان کی قدر اور تحفظ کو سمجھتے ہیں، ہم اپنا خون دینے کے لیے تیار ہیں، کارکن ڈٹے رہیں، انہیں ہمارا راستہ کھولنا پڑے گا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر اپنی منزل تک پہنچیں گے، چاہے ہمیں جان ہی کیوں نہ دینی پڑے، ایک طرف ان کے جبر کی انتہا ہے اور دوسری طرف ہمارے صبر کی انتہا ہے، یہ صبر کا مقابلہ ہے اور ان شاء اللہ صبر ہی جیتے گا، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، ہم اپنا حق حاصل کریں گے، قوم اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سول سپرمیسی کو طاقت دلانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پولیس، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر قانون کے تابع ہوں، کسی جابر قوت کے اشاروں پر نہ چلیں، ہم انتظامی افسران کو آزاد کرانا چاہتے ہیں، ہم آپ کی بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

 

امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا قافلہ لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر پہنچ گیا۔ pic.twitter.com/yVxd5Etbsw
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 26, 2026

 

 

ٹھوکر نیاز بیگ ٹریفک کے لیے بند، بدترین ٹریفک جام، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

دریں اثنا انتظامیہ نے جے یو آئی کو روکنے کی غرض سے ملتان روڈ نجی سوسائٹی سے ٹھوکر تک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا، دوپہر سے ٹریفک میں سیکڑوں کاریں ٹرک، لوڈر پھنسے ہوئے ہیں، ٹریفک میں کئی بڑی شخصیات اور ان کی فیملیاں بھی کئی گھنٹوں سے پھنسی ہیں، مخلتف اسکولز کی بسیں بھی دوپہر بارہ بجے سے ٹریفک میں پھنسی ہیں۔

یونیفارم میں موجود اسکول کے چھوٹے بچوں کو والدین ٹھوکر سے پیدل لینے بسوں تک پہنچے، ٹریفک میں پھنسے اسکول کے بچے آٹھ گھنٹوں بعد والدین کو دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔

ایک بچی نے بتایا کہ بچوں کو بس میں الٹیاں آرہی تھیں ٹیچر نے ٹافیاں دیں تو طبیعت بہتر ہوئی۔ والدین نے کہا کہ کئی گھنٹوں بعد قریب ایک دفتر کے مالک نے بچوں کو بس سے نکال کر اپنے دفتر لے جا کر جوس اور کھانے پینے کو کچھ دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران ٹھوکر نیاز بیگ سے نجی سوسائٹی کی جانب پیدل روانہ ہوئے، پولیس کی بھاری نفری ابھی بھی فھوکر نیاز بیگ موجود ہے۔

مولانا کا سرگودھا میں آج کانفرنس کے انعقاد پر قائم رہنے کا اعلان

قبل ازیں اپنے ایک ویڈیو بیان میں امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں 26 نومبر کی کانفرنس کے انعقاد پر قائم رہنے کا اعلان کیا اور مختلف اطراف سے قافلوں کی آمد کا دعویٰ کیا۔

انہوں نے ​لاہور میں رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے نقل و حرکت محدود کرنے کا شکوہ کیا اور سرگودھا روانگی کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے ​سرگودھا جانے والے راستوں، موٹر ویز، چشمہ، میانوالی، خوشاب اور فیصل آباد کے علاقوں کی بندش اور شہر میں کرفیو جیسی فضا کا دعویٰ کیا اور ​پنڈال پر پولیس کے قبضے اور سرگودھا و خوشاب سمیت راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک کارکنوں کی گرفتاریوں کا الزام لگایا۔

انہوں نے ​سربراہ جے ٹی آئی کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری اور صوبائی امیر جے یو آئی پنجاب مولانا امجد خان کی نظربندی کا دعویٰ کیا اور​جلسہ گاہ پہنچنے یا نہ پہنچنے کی صورت میں ملک بھر کے عوام اور کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے، شاہراہیں اور موٹر ویز بند کرنے کی کال دی۔

انہوں نے ​سرگودھا کے بیمار امیر کے وکیل بیٹے کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کی مذمت کی اور آمرانہ ہتھکنڈوں کے خلاف ملک گیر احتجاج و شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا۔

راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، فضل الرحمان

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج سرگودھا میں کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا، ملک بھر سے قافلے سرگودھا پہنچ رہے ہیں، میں لاہور میں مقیم ہوں، میری رہائش گاہ کے باہر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں، ہماری نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سرگودھا پہنچنے کے لیے پُرعزم ہوں، میں سرگودھا کے لیے روانہ ہو رہا ہوں، اطلاعات ہیں کہ موٹروے بند کر دی گئی ہے، سرگودھا جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، سرگودھا میں کرفیو کا سماں ہے، کانفرنس کے پنڈال پر پولیس نے قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر قائدین کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے، ملک بھر کے کارکن فوری طور پر سڑکوں پر نکلیں اور راستے بند کر دیں، موٹرویز کو بند کر دیا جائے، ہمیں ہمارے جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی احتجاج کی کال کے بعد جے یو آئی کارکنوں نے پشاور موٹر وے پر ہنگامہ آرائی کی اور سڑک کو بند کر دیا، کارکنوں نے زبردستی گاڑیاں روک لیں، پشاور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک موٹروے پر بند روک دی گئی، گاڑیوں میں فیملیز بھی موجود ہیں۔

اسلام آباد سے پشاور آنیوالی گاڑیاں پشاور ٹول پلازہ پر روک دی گئیں، سینیٹر عطاء الحق درویش جے یو آئی کارکنوں کے ہمراہ پہنچ گئے۔

جے یو آئی کے کارکنوں نے سوات ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے بند کر دیا، مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک معطل کر دی، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے لیویز کی اضافی نفری روانہ کردی گئی۔

مولانا سلمان تاثیر جنرل سیکرٹری جے یو آئی ملاکنڈ نے کہا کہ ہمارا احتجاج پُرامن اور جمہوری حق ہے۔

ادھر کراچی ٹریفک پولیس نے کہا کہ بمقام مین نیشنل ہائی وے زیرو پوائنٹ جانب گگر پھاٹک آنے جانے والے دونوں روڈ بوجہ احتجاج ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔ متبادل راستہ ٹریفک کو ٹی کراسنگ سے پورٹ قاسم کی طرف گگر پھاٹک سے آنے والی ٹریفک لائن آپ ہے، عوام الناس سے گزارش ہے کہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستوں کے انتخاب کے لئے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 ملائیں، ٹریفک پولیس موجود ہے ٹریفک کو رواں دواں کررہے ہیں اسی طرح کراچی میں سہراب گوٹھ پر جے یو آئی کارکن نے سڑک بند کردی۔

سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان سمیت مرکزی قیادت نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں موجود تھی جب کہ پولیس نے نجی سوسائٹی کے گیٹ پر کنٹینرز لگا رکھے تھے۔

مولانا فصل الرحمن دوپہر کے وقت سوسائٹی سے روزانہ ہونے کے لئے نکلے، پولیس نے مولانا کے قافلے کے راستے میں رکاوٹیں نہ ہٹائیں، مقامی رہائشیوں کو راستے بند ہونے سے شدید پریشانی کا سامنا ہے جب کہ ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ نجی سوسائٹی سے آگے تک ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔

مولانا فضل الرحمن کا قافلہ ملتان روڈ پر رواں دواں ہے جب کہ قافلہ ملتان روڈ پر ٹریفک میں پھنسا ہوا ہے۔

اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کا جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ

موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف جاری مہم اورانکی نظربندی کی کوششوں کی مذمت کی اور مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں