سعودی آرامکو کی تیل تنصیب پر حملے میں ایک ملازم ہلاک، بعض آپریشنز عارضی طور پر معطل

سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی جیزان ریفائنری پر حملے میں ایک ملازم ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، حملے کے بعد ریفائنری کے بعض آپریشنز کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

سعودی وزارتِ توانائی نے ایک بیان میں بتایا کہ جیزان ریفائنری پر دشمن کے فضائی پروجیکٹائل گرنے کے نتیجے میں نیپال سے تعلق رکھنے والا ایک کارکن ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے بتایا کہ وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ پروجیکٹائل گرنے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس پر بعد ازاں قابو پالیا گیا۔ واقعے کے بعد ہنگامی اور تکنیکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تنصیب کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات شروع کردیے۔

وزارت نے حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی ہے۔ تاہم اس سے قبل یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف سعودی قیادت میں لڑنے والے فوجی اتحاد نے کہا تھا کہ حوثیوں نے ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔

اس سے قبل حوثیوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی ریفائنری اور خام تیل کی برآمد کے اہم مرکز راس تنورہ سمیت بحیرہ احمر کی بندرگاہوں جدہ اور جیزان پر حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔

جیزان ریفائنری سعودی عرب کے جنوب مغربی حصے میں یمن سرحد کے قریب واقع ہے جو یومیہ 4 لاکھ بیرل خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جمعرات کو حملے کے بعد سعودی قیادت کے فوجی اتحاد نے کہا تھا کہ اس نے یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں بیلسٹک میزائل سے ایک لانچ پلیٹ فارم تباہ کردیا۔ اتحاد کے مطابق حوثیوں نے اسی پلیٹ فارم کو ریفائنری پر حملے کے لیے استعمال کیا تھا۔

اس سے قبل اتحاد نے خبردار کیا تھا کہ شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کا بھرپور فوجی جواب دیا جائے گا۔

حوثی جنگجو یمن کے دارالحکومت صنعا اور ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقوں پر کںٹرول رکھتے ہیں۔ جولائی میں یمن میں خانہ جنگی میں دوبارہ شدت کے بعد سے وہ سعودی ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور دفاتر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ تنازع امریکہ اور ایران جنگ کے وسیع تر اثرات کے نتیجے میں بھی پھیل رہا ہے۔

ماضی میں بھی ہونے والے حملوں میں سعودی آرامکو کے بعض آپریشن عارضی طور پر متاثر ہوئے تھے جب کہ ریاض کے لیے زیادہ تر بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔

ان حملوں کے باعث سعودی عرب کو بڑے بین الاقوامی ایونٹس بھی ملتوی یا منسوخ کرنا پڑے تھے جن میں ایشین کپ فٹ بال ٹورنامنٹ اور فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو بھی شامل ہیں۔

ستمبر میں حوثیوں کی جانب سے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں اہم اسٹریٹجک مقامات پر قبضے اور آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی کے بعد لڑائی میں مزید شدت آگئی ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے باب المندب خلیجی ممالک سے بحیرہ احمر تک تیل کی ترسیل کے لیے اہم بحری گزرگاہ ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں