امریکا میں پیدائشی شہریت محدود کرنے کا ٹرمپ کا نیا حکم نامہ ایک اور وفاقی عدالت نے روک دیا ہے جس کے بعد صدر ٹرمپ کو اس معاملے میں دوسری بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کے وفاقی جج کرسٹوفر کوپر نے بدھ کو اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنایا۔ اس سے قبل رواں برس ستمبر میں ریاست میری لینڈ کی ایک وفاقی عدالت بھی ٹرمپ کے اسی حکم نامے پر عمل درآمد روک چکی ہے۔ اب امریکی حکومت کو دونوں عدالتی فیصلے ختم کرانے ہوں گے تاکہ وہ اس حکم نامے پر عمل درآمد کر سکے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ مقدمہ ان بچوں کی جانب سے اجتماعی طور پر دائر کیا گیا تھا جنہیں ٹرمپ کے نئے حکم نامے کے تحت امریکی شہریت سے محروم ہونا پڑ سکتا تھا۔ جج کوپر نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے امریکی حکومت کو مقدمے میں شامل بچوں کے خلاف اس حکم نامے پر عمل کرنے سے روک دیا۔
جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس مقدمے میں قانونی صورت حال بالکل واضح ہے۔ امریکی سپریم کورٹ 2 مرتبہ اس بات کی تصدیق کر چکی ہے کہ امریکا میں پیدا ہونے والے تمام بچے امریکی شہری ہیں۔ اس میں صرف چند کیسز ایسے ہیں جن پر امریکی قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔
مقدمے میں بچوں کی نمائندگی کرنے والے امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے وکیل کوڈی ووفسی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو تسلیم کرنا چاہیے کہ پیدائشی شہریت امریکا کا نافذ العمل قانون ہے۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ 1898 اور رواں سال بھی پیدائشی شہریت محدود کرنے کی کوششیں مسترد کر چکی ہے اور تیسری کوشش بھی کامیاب نہیں ہوگی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سابق صدر براک اوباما کے مقرر کردہ ایک جج کا ایک اور فیصلہ ہے جس کا مقصد صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا حکم نامہ سپریم کورٹ کے فیصلوں اور قانونی تشریحات کے مطابق ہے۔
اس معاملے کا آغاز کیسے ہوا؟
ٹرمپ نے گزشتہ برس جنوری میں اپنی دوسری مدت کے آغاز پر ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت امریکا میں پیدا ہونے والے ان بچوں کو شہریت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن کی مائیں غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تھیں یا عارضی ویزے پر وہاں موجود تھیں اور جن کے والد امریکی شہری یا مستقل قانونی رہائشی نہیں تھے۔
اس حکم نامے کے خلاف امریکی ریاستوں نے عدالتوں سے رجوع کیا تھا۔ ان میں سے 18 ریاستوں نے نیوجرسی کی قیادت میں ایک مقدمہ دائر کیا جبکہ واشنگٹن، ایریزونا، الینوائے اور اوریگن نے الگ مقدمہ دائر کیا۔ واشنگٹن کی ایک وفاقی عدالت نے جنوری 2025 میں ہی انہی 4 ریاستوں کی درخواست پر ٹرمپ کے پہلے حکم نامے پر عارضی طور پر ملک بھر میں عمل درآمد روک دیا تھا۔ یہ ابتدائی عدالتی حکم تھا، حتمی عدالتی فیصلہ نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی آئین کی 14ویں ترمیم 1868 میں منظور کی گئی تھی۔ اس کے تحت امریکا میں پیدا ہونے والے اور امریکی دائرہ اختیار میں آنے والے افراد کو شہریت کا حق حاصل ہے۔ سپریم کورٹ نے 1898 کے وونگ کم آرک مقدمے میں بھی اس حق کی توثیق کی تھی۔
بعد ازاں یہ معاملہ امریکی سپریم کورٹ پہنچا جہاں رواں برس جون میں عدالت نے ٹرمپ کی اس کوشش کو کر دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ان کا حکم نامہ امریکی آئین کی 14ویں ترمیم میں دیے گئے شہریت کے حق کے خلاف ہے۔ اس ترمیم کے تحت امریکا میں پیدا ہونے والے اور امریکی دائرہ اختیار میں آنے والے افراد کو شہریت حاصل ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹرمپ نے 6 اگست کو ایک نیا حکم نامہ جاری کیا جس کے ذریعے پیدائشی شہریت پر مزید پابندیاں لگانے کی کوشش کی گئی۔ ۔ اس نئے حکم نامے کو ستمبر میں میری لینڈ کی عدالت نے روکا اور اب بدھ کو واشنگٹن ڈی سی کی ایک اور وفاقی عدالت نے بھی اس پر عمل درآمد روک دیا۔
ٹرمپ کے نئے حکم نامے میں کیا تھا؟
ٹرمپ کے نئے حکم نامے میں خاص طور پر نام نہاد ’برتھ ٹورازم‘ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس سے مراد ایسی خواتین ہیں جو اپنے بچوں کی پیدائش کے لیے امریکا کا سفر کرتی ہیں تاکہ ان کے بچوں کو خودکار طور پر امریکی شہریت مل سکے۔
نئے حکم نامے میں ایسے بچوں کو بھی شامل کیا گیا جن کے والدین غیر ملکی حکومتوں یا بین الاقوامی اداروں کے لیے کام کرتے ہیں لیکن انہیں سفارتی استثنا حاصل نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ ایسے بچوں کی شہریت بھی محدود کرنے کی کوشش کی گئی جن کے والدین میں سے کوئی ایک امریکی قانون کے تحت ’دشمن ملک کا شہری‘ قرار دیا گیا ہو۔
تاہم جج کرسٹوفر کوپر نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ صدر امریکا میں پیدا ہونے والے اور امریکی قوانین کے تابع بچوں کے لیے پیدائشی شہریت کے حق میں نئی استثنا متعارف نہیں کرا سکتے۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے 1898 کے تاریخی مقدمے کا بھی حوالہ دیا۔ اس مقدمے میں عدالت نے امریکی آئین کی 14ویں ترمیم کی تشریح کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ بچے کے والدین کی امیگریشن حیثیت سے قطع نظر امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کو پیدائشی شہریت حاصل ہے۔
عدالت کے تازہ حکم کے تحت امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اور سوشل سکیورٹی ایڈمنسٹریشن مقدمے میں شامل بچوں کے خلاف ٹرمپ کے نئے حکم نامے پر عمل درآمد نہیں کر سکیں گے۔