ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز، دوسرا سیمی فائنل، بنگلہ دیش نے پاکستان کو 233 رنز کا ٹارگٹ دے دیا

قطر کے دارالحکومت دوحا میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے پاکستان اے کو 233 رنز کا ٹارگٹ دے دیا۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، محمود الحسن اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 14 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ سیف حسن کی گری، انہوں نے دو رنز بنائے اور علی رضا کی گیند پر وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ محمود الحسن علی رضا کی گیند پر بولڈ ہو گئے، انہوں نے 9 رنز بنائے۔ شہادت حسین اور معیدالاسلام کے درمیان 95 رنز کی شراکت ہوئی، 110 رنز کے مجموعی اسکور پر معیدالاسلام 42 رنز بنا کر سفیان مقیم کی گیند پر معاذ صداقت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے مجموعی اسکور میں صرف رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ اس کی چوتھی وکٹ عفیف حسین کی گری، انہوں نے 5 رنز بنائے اور سفیان مقیم کا شکار بنے۔

اگلی ہی گیند پر صابر رحمان بغیر کوئی رنز بنائے سفیان مقیم کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ بنگلہ دیش کا مجموعی اسکور 170 پر پہنچا تو ایس ایم محروب 28 رنز بنا کر حسن نواز کی گیند پر عبدالصمد کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

حسن نواز کی اگلی ہی گیند پر نئے آنے والے ایم ڈی رابل بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ آٹھویں وکٹ 192 کے مجموعی اسکور پر گری، رقیب الحسن 10 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر شامل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے، شہادت حسین 103 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح بنگلہ دیش نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے تین جبکہ علی رضا اور حسن نواز نے دو دو جبکہ احمد دانیال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کی ٹیم نے بھارت اے کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی، پاکستان اور بنگلہ دیش میں سے جیتنے والی ٹیم فائنل میں سری لنکا کا سامنا کرے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں