پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 سیزن کے لیے 8 ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان ویمنز ٹیم آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاری کر رہی ہے۔
پی سی بی کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے تحت فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کو کیٹیگری اے، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو اور سدرہ امین کو کیٹیگری بی جبکہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور صدف شمس کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا ہے۔
ویمن کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک مؤثر ہوں گے۔ پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا تعین ان کی حالیہ فارم، فٹنس اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کو مسلسل عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں اے کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے۔
ڈی اور ای کیٹیگری کے بارے میں کیا فیصلہ ہوا؟
دوسری جانب پی سی بی نے خواتین کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس سے ڈی اور ای کیٹیگری ختم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جس کے بعد سیںٹرل کنٹریکٹس حاصل نہ کرنے والی خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی ویمن اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کے لیے فاطمہ ثنا کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
دورے میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے جس میں پاکستان ٹیم 5 فتوحات کے ساتھ 9 میچز میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ برس اگست میں ویمنز کرکٹرز کے 2025-26 سیزن کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کیا تھا جس میں 20 کھلاڑیوں کو 5 مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا تھا۔
اس وقت فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، منیبہ علی اور سدرہ امین کیٹیگری اے میں شامل تھیں جبکہ نشرہ سندھو کیٹیگری بی کا حصہ تھیں۔ سعدیہ اقبال کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بولرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد کیٹیگری بی سے اے میں ترقی دی گئی تھی۔