آئی فون 18 اور ایئر 2 کی پہلی جھلک سامنے آگئی، ایپل نے ڈیزائن میں اہم تبدیلیاں کی ہیں جس کے مطابق اب ایک نہیں دو بیک کیمرے ہوں گے۔
ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ ’‘ کے مطابق آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کی نئی تصاویر سامنے آگئیں، ڈیزائن میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آئندہ اسمارٹ فونز آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کے ممکنہ ڈیزائن کی نئی تصاویر سامنے آگئی ہیں، جن میں دونوں فونز کی ظاہری ساخت اور کیمروں سے متعلق اہم تبدیلیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاص طور پر آئی فون ایئر کی دوسری جنریشن میں ایک کے بجائے دو بیک کیمروں کی موجودگی متوقع ہے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق اطلاعات کے مطابق معروف لیکر سونی ڈکسن نے ان فونز کے مبینہ ڈمی ماڈلز کی تصاویر جاری کی ہیں، جن سے نئے آئی فونز کے ڈیزائن اور ساخت کے بارے میں اندازہ لگایا جارہا ہے، یہ تصاویر میک رومرز نے بھی رپورٹ کی ہیں۔
آئی فون 18 کا ڈیزائن
رپورٹ کے مطابق عام آئی فون 18 کا ڈیزائن موجودہ آئی فون 17 سے ملتا جلتا ہوگا۔ فون کے پچھلے حصے میں اوپری بائیں جانب پہلے کی طرح عمودی ترتیب میں دو کیمرے موجود ہوں گے، جبکہ اس کی اسکرین کا سائز بھی 6.3 انچ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ایک اور اہم پہلو ڈائنامک آئی لینڈ کا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی فون 18 میں موجودہ آئی فون 17 جیسا نسبتاً بڑا ڈائنامک آئی لینڈ برقرار رہ سکتا ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو میں اس کے سائز کو کم کیے جانے کی توقع ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
آئی فون ایئر 2 میں کتنے کیمرے
آئی فون ایئر کی دوسری جنریشن میں سب سے نمایاں تبدیلی اضافی بیک کیمرے کی شمولیت ہوسکتی ہے۔ پہلے آئی فون ایئر میں صرف ایک پچھلا کیمرا دیا گیا تھا، جسے صارفین کی جانب سے اس فون کی ایک بڑی کمی قرار دیا جاتا رہا ہے۔
نئی تصاویر اور رپورٹس کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں دو کیمرے افقی ترتیب میں نصب کیے جاسکتے ہیں۔ امکان ہے کہ دوسرا کیمرا الٹرا وائیڈ لینس ہوگا، جس سے یہ فون کیمروں کے اعتبار سے آئی فون ڈیو اور دیگر دو کیمروں والے ماڈلز کے قریب آجائے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئے آئی فون ایئر کی موٹائی 5.6 ملی میٹر برقرار رہ سکتی ہے، تاہم کیمرا ماڈیول کی موٹائی 3.45 ملی میٹر سے بڑھ کر 3.8 ملی میٹر ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ دوسری جنریشن کے آئی فون ایئر میں بڑی بیٹری اور ویپر چیمبر کولنگ ٹیکنالوجی دیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں، اضافی کیمرے اور دیگر تبدیلیوں کے باعث فون کے وزن اور توازن پر کیا اثر پڑے گا، یہ بھی دیکھنا ہوگا۔
آئی فون 18 ای کے کیمرے میں بھی تبدیلی کا امکان
دوسری جانب ایپل کے نسبتاً سستے ماڈل آئی فون 18 ای کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی متوقع ہے، جو 2027 کے ابتدائی حصے میں موجودہ آئی فون 17 ای کی جگہ لے سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ انگیجٹ کے مطابق سامنے آنے والی سی اے ڈی تصاویر میں آئی فون 18 ای کے پچھلے حصے پر تقریباً 28 بائی 35 ملی میٹر کا تقریباً مربع نما کیمرا ماڈیول دکھایا گیا ہے، جس میں ایک ہی بیک کیمرا، ایل ای ڈی فلیش اور مائیکروفون نصب ہوں گے۔
موجودہ آئی فون 17 ای میں کیمرا لینس پچھلے شیشے کے ساتھ تقریباً ہموار انداز میں نصب ہے اور اس کے لیے الگ سے بڑا کیمرا ماڈیول موجود نہیں، تاہم نئے ماڈل میں اس ڈیزائن کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون 18، آئی فون ایئر 2 اور آئی فون 18 ای کو آئندہ سال کے ابتدائی مہینوں میں متعارف کراسکتی ہے۔