معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کو کمپنی کا صدر، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور بورڈ ڈائریکٹر بحال کرنے کی منظوری دے دی۔
جینسن ہوانگ نے چند روز قبل غیر ازدواجی تعلقات کے انکشافات کے بعد این ویڈیا کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ہوانگ کے ان تعلقات میں سے ایک تعلق مبینہ چینی جاسوس سے بھی بتایا گیا تھا۔
جینسن ہوانگ کے استعفیٰ کے بعد ان کی واپسی کے لیے آن لائن مہم بھی چلائی گئی جس میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کئے تھے۔ ان لوگوں میں سلیکون ویلی کی معروف شخصیات بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ انہیں جینسن ہوانگ کی دوبارہ سی ای او کے عہدے پر واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آج 23 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں بورڈ نے متفقہ طور پر جینسن ہوانگ کی بحالی کے حق میں ووٹ دیا۔ بورڈ نے قرار دیا کہ ان کی دوبارہ تقرری سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہو گا۔
کمپنی کے مطابق کوئلیٹ کریس بدستور چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے عہدے پر کام کرتی رہیں گی، جبکہ ہاروی جونز بورڈ کے چیئرمین کی ذمہ داریاں برقرار رکھیں گے۔
این ویڈیا کے بورڈ نے جینسن ہوانگ کو نشانہ بنانے کی مبینہ غیر ملکی انٹیلی جنس کوششوں کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے نئے چیف کمپلائنس آفیسر کی تقرری کے لیے امیدواروں کی تلاش شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ این ویڈیا حکومت کی جاری تحقیقات اور پوچھ گچھ میں تعاون جاری رکھے گی۔
معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟
رائٹرز کے مطابق امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی خاتون سے تعلقات تھے جو سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی ایگزیکٹو رہ چکی ہیں۔ امریکی حکام نے ایلس ہوانگ کی تحقیقات کی تھیں اور انہیں چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔
میگاسپیڈ این ویڈیا سے مصنوعی ذہانت کے لیے چِپس خریدتی ہے۔ امریکی حکام اس کمپنی کی بھی اس شبہ میں جانچ کر چکے ہیں کہ اس نے بیجنگ کو ایسی جدید اے آئی چِپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جن کی چین کو ترسیل پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔
ہوانگ کا اعتراف اور کمپنی کی تحقیقات
رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے اقدامات کی مکمل ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ ان کے عمل سے اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
اس پیشرفت کے بعد این ویڈیا کے بورڈ نے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل کمیٹی کے ذریعے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کے تجارتی رازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہوانگ نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون اور کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
این ویڈیا اور اس کے سربراہ کی اہمیت کیا ہے؟
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے 1993 میں کرس ملاکوسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور تب سے وہ کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔
کمپنی ابتدا میں ویڈیو گیمز کے گرافکس کے لیے چِپس تیار کرتی تھی تاہم ہوانگ کی قیادت میں اس نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اور آج اے آئی پروسیسرز کی دنیا کی نمایاں ترین فراہم کنندہ بن چکی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 2022 کے اواخر میں چیٹ جی پی ٹی متعارف ہونے کے وقت این ویڈیا کی چِپس پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے اہم مقام حاصل کرچکی تھیں۔ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو نومبر 2022 میں تقریباً 420 ارب ڈالر تھی جو 6 نومبر 2026 تک بڑھ کر 4.5 ٹریلین ڈالر ہوگئی تھی۔