غزہ پر اسرائیلی حملے نہ رک سکے، ڈاکٹرز ود آؤڈ بارڈرز کے دو کارکن جاں بحق


جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل نے غزہ پر جمعے کی شب پھر بمباری کی۔ ڈاکٹر ود آؤٹ بارڈرز نے اسے تنظیم پر ‘براہِ راست’ حملہ قرار دے دیا۔


شائع

فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

غزہ میں اسرائیل کے حملے جاری ہیں اور ایک حالیہ کارروائی میں امدادی تنظیم سے وابستہ دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی طبی امدادی تنظیم ’ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈر‘ (ایم ایس ایف) نے ہفتے کو غزہ میں ایک کلینک پر اسرائیلی حملے میں دو کارکنوں کے جاں بحق ہونے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بھی جمعے کی شب غزہ سٹی میں ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔

اکتوبر 2025 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مکمل طور پر بند نہ ہونے کے باعث علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ جمعے کو بھی اسرائیل نے تباہ حال فلسطینی علاقے میں جنگ بندی کے باوجود بم برسائے۔

ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق دونوں افراد کے قتل پر وہ ’شدید صدمے‘ میں ہے اور یہ تنظیم پر ’براہِ راست‘ حملہ ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پر ایک بیان میں ایم ایس ایف نے کہا کہ ان کی عمارتوں پر تنظیم کے لوگو واضح طور پر موجود تھے اور ان کے مقامات کے بارے میں آگاہ کیا جا چکا تھا اور اسرائیلی فوج کو اس کے بارے میں علم بھی تھا۔

دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے دونوں افراد کا حماس سے تعلق اور عسکریت سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اُن کی شناخت احمد ابو حصیرہ اور معاذ صبح کے نام سے کی ہے۔ صیہونی فوج کے مطابق معاذ صبح حماس کے آرٹلری سیل کے کمانڈر تھے۔

حماس کی جانب سے اس دعوے پر ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

البتہ احمد ابو حصیرہ کے ہم نام ان کے ایک رشتے دار نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ احمد ایک غیر مسلح شہری تھے اور غزہ کی پٹی میں کسی سیاسی جماعت یا عسکری تنظیم سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

ان کے بقول انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جاری مجرمانہ کارروائیوں، روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے قتل اور خونریزی کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

عالمی ادارہ صحت کے صدر نے ایکس پر لکھا کہ غزہ میں طبی مراکز، طبی عملے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے کارکنوں پر حملے ’اشتعمال انگریز اور ناقابلِ قبول‘ ہیں۔ ان حملوں کو لازماً بند ہونا چاہیے۔

ایم ایس ایف کے مطابق اس حملے کے بعد غزہ میں مارے جانے والے اس کے کارکنوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی نافذ معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم ایک ہزار 600 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں غزہ کے اندر اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں