سمندر میں انٹرنیٹ کی اہم سب میرین کیبل میں خرابی، صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیوٹی مسائل کا خدشہ


صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کیلئے متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک منتقل کی جا رہی ہے، پی ٹی اے


شائع

اپ ڈیٹ

پاکستان کے قریب سمندر میں سب میرین کیبل میں خرابی: فائل فوٹو
پاکستان کے قریب سمندر میں سب میرین کیبل میں خرابی: فائل فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے قریب بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای-5 (SMW5) میں خرابی رپورٹ ہوئی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیوٹی مسائل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان میں بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔ رواں سال 2 جولائی کو بھی ایس ای اے-ایم ای-ڈبلیو ای-5 (SMW5) کیبل میں تکنیکی خرابی رپورٹ ہوئی تھی، جس کے باعث ملک میں بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بدھ کو جاری کردہ پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق سب میرین کیبل میں خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور پیش آئی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) خرابی کی نوعیت اور وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم سے رابطے میں ہے، جبکہ کیبل کی مرمت اور انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کے متوقع وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق صارفین کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے متبادل بین الاقوامی کیبل لنکس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک منتقل کی جا رہی ہے تاکہ موجودہ خرابی کے اثرات کم سے کم رکھے جا سکیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی جلد اور معمول کے مطابق بحالی کے لیے متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور صورتحال کی نگرانی بھی جاری ہے۔

آبدوز انٹرنیٹ کیبل میں خرابی، پاکستان ہائی کمیشن لندن کی نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز عارضی طور پر معطل

بین الاقوامی آبدوز انٹرنیٹ کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث پاکستان ہائی کمیشن لندن میں نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق خدمات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق بین الاقوامی انٹرنیٹ کیبل میں تکنیکی خرابی کے باعث متعلقہ آن لائن سروسز متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو نادرا، پاسپورٹ اور ویزا خدمات کی فراہمی عارضی طور پر روکنا پڑی ہے۔

ہائی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس دوران دستاویزات کی تصدیق (اٹیسٹیشن) سے متعلق خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

انٹرنیٹ صارفین پر ممکنہ اثرات

سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی، ویب سائٹس اور آن لائن ایپلی کیشنز تک رسائی میں تاخیر، ویڈیو اسٹریمنگ اور آن لائن رابطوں میں تعطل جیسے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

تاہم متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے ٹریفک منتقل کیے جانے کے باعث تمام صارفین کے متاثر ہونے کا امکان نہیں، سروس پر اثرات کا انحصار متعلقہ انٹرنیٹ آپریٹر اور دستیاب متبادل بینڈوڈتھ پر ہوگا۔

پاکستان کا عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک بڑی حد تک سمندر کے اندر بچھائی گئی فائبر آپٹک کیبلز کے ذریعے دنیا کے دیگر ممالک سے منسلک ہے، یہی کیبلز بین الاقوامی ڈیٹا، ویڈیو کالز، سوشل میڈیا، آن لائن بینکنگ، کاروباری رابطوں اور کلاؤڈ سروسز کی ترسیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

کسی ایک اہم کیبل میں خرابی کی صورت میں انٹرنیٹ ٹریفک دوسری کیبلز پر منتقل کرنا پڑتی ہے، جس سے دستیاب گنجائش کم ہونے کے باعث بعض صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں