English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں میں اتحاد کا امکان ختم ٗ مخالفانہ سرگرمیاں جاری

فاروق ستار کی جانب سے 17فروری کو جنرل ورکرز اجلاس طلب کرنے کے جواب میں رابطہ کمیٹی نے 16فروری کو اجلاس بلا لیا جو عید گاہ گرائونڈ ناظم آباد میں ہوگا
رابطہ کمیٹی نے سینیٹ امیدواروں کو دستبردار کرانے کا اختیار خالد مقبول کو دیدیا ٗ کامران ٹیسوری منظر سے غائب ٗ فاروق ستار تنہا مقابلہ کررہے ہیں
کراچی(نیوز ایجنسیاں) متحدہ پاکستان کے بکھرے دھڑوں کے ایک دوسرے پر جوابی وار جاری ہیں اور دونوں دھڑوں میں اتحدا کا امکان ختم ہوگیا۔ فاروق ستار کے 17 فروری کو جنرل ورکرز اجلاس طلب کرنے کے جواب میں رابطہ کمیٹی نے 16 فروری کو ہی جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس ناظم آباد عیدگاہ گرائونڈ میں ہوگا۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے دونوں گروپ متحرک ہیں۔ بہادرآباد والوں نے دفتر کے باہر پتنگ کا نشان آویزاں کردیا اور 16 فروری کو ناظم آباد میں جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کرلیا۔ ادھر رابطہ کمیٹی 17 فروری کو اجلاس کرنا چاہتی تھی لیکن انتظامیہ نے نقص امن کے تحت اجازت نہیں دی کیونکہ 17 فروری کو فاروق ستار کی جانب سے انٹر پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کیا گیاہے۔ دوسری جانب فروغ نسیم نے متحدہ قیادت سے متعلق الیکشن کمیشن کا ہینڈ آئوٹ کوئی مستند دستاویز نہیں ہے۔ اب بھی امید ہے کہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی میں اتحاد ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ فاروق ستار نے بھی دوستوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔ پی آئی بی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایا کہ وہ اہم میٹنگ کے سلسلے میں احمد چنائے کے گھر جارہے ہیں جبکہ روزانہ پی آئی بی پہنچنے والے کامران ٹیسوری منظر عام سے غائب نظر آئے۔ ایم کیو ایم بہادرآباد کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کون سی ایم کیو ایم اصلی ہے؟ اس کافیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھ کر اپنی پارٹی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے فاروق ستار کو پارٹی کنوینر کے عہدے فارغ کیے جانے کے بعد فاروق ستار نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔ ادھر رابطہ کمیٹی نے سینیٹ امیدواروں کو دستبردار کرانے کا اختیار خالد مقبول صدیقی کو دے دیا ہے۔

متحدہ پر قبضہ کرنے والوں کو عوامی
احتساب کا سامنا کرناپڑیگا‘ ندیم احسان
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے کہا ہے کہ قائد تحریک کی قیادت میں ایم کیو ایم ایک تھی اور ایک ہی رہے گی۔ متحدہ پر قبضہ کرنے والے مفاد پرستوں کو عوامی احتساب کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ایم کیو ایم کے تمام کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ارو اس بات پر یقین رکھیں کہ انشاء اللہ فتح وفاپرستوں کا مقدر ثابت ہوگی۔

فاروق ستار کے پاس رابطہ کمیٹی
تحلیل کرنے کا کوئی اختیا رنہیں‘ عامر خان
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم صرف ایک ہے جس کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ہیں۔ فاروق ستار کے پاس رابطہ کمیٹی کو تحلیل کرنے کا کوئی اختیا رنہیں ہے۔ منگل کو رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے۔

رابطہ کمیٹی ‘فاروق ستار گروپ متحرک
بہادر آباد مرکز پر پتنگ آویزاں
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپ متحرک ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ نے16 فروری کو اعلان کردہ اپنے جنرل ورکرز اجلاس میں کارکنوں کا مورال بلند کرنے کیلئے دفتر کے باہر پتنگ کے نشان والی بینرز لگادیئے۔ ادھر رابطہ کمیٹی17 فروری کو اجلاس کرنا چاہتی تھی لیکن انتظامیہ نے نقص امن کے تحت اب تک اجازت نہیں دی کیوں کہ17 فروری کو فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے