جنرل (ر)بابر نے 54ایس ایچ اوز کیساتھ کراچی میں آپریشن بھی کیا جن میں 53مارے گئے صرف رائوانوار بچا
نواز شریف موقع پر ست ہے ٗ این آر او نہیں ہورہا ٗ مریم نواز کو سیاست میں آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں ٗ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
کراچی/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ رائو انوار وہ بہادر بچہ ہے جو ایم کیو ایم سے لڑتے ہوئے بچا مجھے نہیں لگتا کہ وہ کسی کو بلاوجہ شہید کرے گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ جنرل بابر نے 54 ایس ایچ اوز کے ساتھ آپریشن کیا تھا جن میں 53 مارے گئے تھے صرف رائو انوار بچا تھا اس زمانے میں جب ایم کیو ایم واپس آئی تو وہ دوبارہ انڈر گرائونڈ ہوگیا۔ایک سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ رائو انوار پر 444 ماورائے عدالت قتل کرنے کا الزام غلط ہے اگر یہ بات سچ ہوتی تو پھر اس کے خلاف عدالت میں اتنی درخواستیں کیوں نہیں؟ جس پر اینکر پرسن نے کہا کہ یہ رپورٹ تو سپریم کورٹ کی ہے۔ سابق صدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے نہیں بلکہ سندھ پولیس نے رپورٹ تیار کی ہے اور آئی جی بھی تو سپریم کورٹ کا لگایا ہوا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ انتخابات کے بعد مخلوط پارلیمان آئے گی جس کو میری ضرورت ہوگی میرے پاس آئے گا آج کی اسٹیبلشمنٹ بہت سمجھدار ہے سعودی عرب فوج بھیجنا ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کاروباری اور موقع پرست ہے این آر او نہیں ہورہا نواز شریف دبائو ڈال رہے ہیں سوموٹو اور توہین عدالت کا فیئر استعمال ہونا چاہیے 62 ون ایف کی نااہلی پر ترمیم کا پارٹی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو سیاست میں خوش آمدید کہتا ہوں، کپتان نے سیاسی طریقہ کار استعمال ہی نہیں کیا۔

