سیاستدانوں کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہونگے ٗ خورشید شاہ ٗ انتخابات وقت پر نہیں ہونگے ٗ شیخ رشید
فیصلہ نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے ٗ طاہر القادری ٗ عدالت عظمیٰ نے قانون کا تحفظ کیا ٗ فواد چوہدری ودیگر
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابی اصلاحات قانون سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اپوزیشن جماعتوں نے تحسین اور خدشات کاابھی اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ نہ مانا گیا تو ملک میں انتشار پھیلے گا۔ سیاستدانوں کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدالت نے درست فیصلہ دیا ہے۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ حکمرانوں کی الٹنی گنتی شروع ہوگئی۔ انہوں نے نے یہ کہا کہ انتخابات وقت پر نہیں ہوں گے۔ مقررہ وقت سے آگے پیچھے ہوں گے۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ لودھراں کی سیٹ کا کیا بنے گا۔ اس کا ٹکٹ بھی نواز شریف نے جاری کیا تھا۔ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا کہ فیصلہ نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ نواز شریف کرپشن کیسز میں بھی جلد گرفتار ہوں گے۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے آئین اور قانون کا تحفظ کیا۔ قوم کو معلوم ہے کہ نواز شریف نے کرپشن کی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کا کہناتھا کہ مسلم لیگ کے اندرونی اختلافات اب کھل کر سامنے آسکتے ہیں اور عدالتی فیصلے سے سینیٹ انتخابات پراثر ہوگا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے نواز شریف کو نااہل قرار دے کر تمام جھگڑے ختم کردیئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سسٹم کو ڈی ریل نہیں ہونے دیںگی۔ مسلم لیگ تصادم کی فضا پیدا کرکے راستہ بنانا چاہتی تھی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ فیصلہ ماننا پڑیگا۔ لیکن نواز شریف اس کو بھی استعمال کریں گے۔

