سلطان آرٹ پروموٹر کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ایم سلطان، شہباز صنم، سجاد خان، رئوف لالا و دیگر کا خطاب
کراچی (کلچرل رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں سلطان آرٹ پروموٹرز کی جانب سے معروف فنکار سکندر صنم کے نام منسوب، سکندر صنم ایوارڈز کا اجرا اور تقریب تقسیم ایوارڈ منعقد کی گئی، اس موقع پر سلطان آرٹ پروموٹر کے روح رواں چیئرمین ایم سلطان نے کہاکہ ایوارڈز کا اجرا دراصل اپنے ملک کے لیجنڈ فنکار سکندر صنم کو ٹریبوٹ پیش کرنا ہے۔ ایسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ہم سکندر صنم ایوارڈز اور تقریب پذیرائی کا سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رکھیں گے۔ سلطان آرٹ پروموٹر کے وائس چیئرمین ہدایتکار ایم جمیل راہی نے کہاکہ سکندر صنم بظاہر آج اس دنیا میں نہیں ہے مگر وہ ہمارے اور اپنے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اس موقع پر پروڈیوسر سجاد خان نے ایم سلطان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ٹیم کو سکندر صنم ایوارڈز دیے گئے ہیں، یہ ایک اچھی روایت آج قائم کی گئی ہے اس طرح کے عمل سے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود بھی فن اور فنکاروں کو پروموٹ کرنے کے عزم کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ تقریب سے سکندر صنم کے صاحبزادے شہباز صنم، رئوف لالہ، شکیل صدیقی، عمران جیلانی، ضیا ظریف، آصف شرمیلا، مہوش صدیقی، شاہدہ مرتضیٰ نے بھی اظہار خیال کیا۔

